وہ نشہ آور شہد جو پوری فوج کو بے ہوش کر دے

دنیا میں ایک ایسا نایاب شہد بھی موجود ہے، جس کے اثر سے انسان بے ہوش ہو سکتا ہے فائل فوٹو دنیا میں ایک ایسا نایاب شہد بھی موجود ہے، جس کے اثر سے انسان بے ہوش ہو سکتا ہے

کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا میں ایک ایسا نایاب شہد بھی موجود ہے، جس کے اثر سے انسان بے ہوش ہو سکتا ہے؟ جی ہاں، ترکی اور نیپال کے پہاڑوں میں پایا جانے والا ”جنونی شہد“ بالکل ایسا ہی نایاب اور خطرناک ہے۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق یہ نایاب شہد دنیا میں صرف دو مقامات پر تیار ہوتا ہے: ترکی کے بحیرۂ اسود کے جنگلات اور نیپال کے ہندوکش پہاڑ۔

یہاں کی مکھیاں خاص پھول ’روڈوڈینڈرون‘ سے رس جمع کرتی ہیں، جس میں قدرتی زہر موجود ہوتا ہے۔ جب یہ زہر شہد میں شامل ہوتا ہے تو وہ بن جاتا ہے ’جنونی شہد‘۔

اس شہد کا رنگ عام شہد سے گہرا اور سرخی مائل ہوتا ہے، ذائقہ تھوڑا کڑوا اور تیز، اور گلے میں ہلکی جلن پیدا کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق ایک چمچ شہد ہلکا نشہ اور توانائی دے سکتا ہے، لیکن زیادہ مقدار میں کھانے سے چکر، بلڈ پریشر کی تبدیلی، بخار اور بے ہوشی ہو سکتی ہے۔

کہا جاتا ہے کہ قدیم یونانی فوج بھی اس شہد کی وجہ سے شکست کھا چکی ہے۔

مورخ زینوفون کے مطابق، یونانی سپاہیوں نے ترکی کے ترابزون علاقے میں یہ شہد کھایا تو وہ سب بے ہوش ہو گئے اور فوج کئی گھنٹوں تک لڑنے کے قابل نہ رہی۔

ترکی میں شہد پیدا کرنے والے حسن کتلواتا بتاتے ہیں کہ وہ اپنے چھتے اونچی لکڑی کی جھونپڑیوں میں رکھتے ہیں تاکہ ریچھ نہ پہنچ سکے۔

ایک بار ایک ریچھ نے چھتے پر حملہ کیا، شہد کھا کر بے ہوش ہوا، اور جیسے ہی جاگا تو حملہ کر دیا۔ اس دن کے نشان آج بھی حسن کے جسم پر موجود ہیں۔

ترکی کے ’مکھیوں کے گاؤں‘ اریلی کویو میں حسن کا پورا خاندان شہد کی پیداوار سے جڑا ہے۔

ان کی بیوی امینے کہتی ہیں، ’ہمارا شہد خاص ہے کیونکہ ماحول صاف اور قدرتی ہے، کوئی آلودگی نہیں، اسی لیے شہد خالص رہتا ہے۔‘

یہ لوگ صرف جنونی شہد نہیں بلکہ چیسٹ نٹ اور سفید پھولوں والا شہد بھی تیار کرتے ہیں، اور موسم سازگار ہونے پر صرف 20 دن میں ایک چھتہ بھر جاتا ہے۔دوا بھی، زہر بھی

صدیوں سے لوگ اس شہد کو بلڈ پریشر کم کرنے اور طاقت بڑھانے کے لیے استعمال کرتے آئے ہیں۔

آج یہ دنیا کے مہنگے ترین شہدوں میں شمار ہوتا ہے. مگر ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ اسے ایک چائے کے چمچ سے زیادہ ہرگز نہ کھائیں۔

یاد رکھیں، یہ شہد قدرت کا نایاب تحفہ ضرور ہے، مگر ذرا سی زیادتی انسان کو پاگل بھی بنا سکتی ہے۔اس لیے اسے کہتے ہیں،

”پاگل شہد“۔

install suchtv android app on google app store