کھانے کا وقت، صحت کا راز! صبح، دوپہر اور رات کی اہمیت جانیں

صحت مند رہنے کا آسان فارمولا فائل فوٹو صحت مند رہنے کا آسان فارمولا

مصروف زندگی میں متوازن غذاؤں کا انتخاب کافی مشکل ہوسکتا ہے۔

بیشتر افراد کے لیے دن بھر صحت کے لیے بہترین غذاؤں کا استعمال مشکل ہوتا ہے یا وہ اکثر رات کو زیادہ کھانا پسند کرتے ہیں۔

مگر غذا کے انتخاب سے ہٹ کر کھانے کا وقت بھی اتنا ہی اہم ہوتا ہے۔

تحقیقی رپورٹس سے عندیہ ملا ہے کہ کھانے کا وقت امراض سے تحفظ اور جسمانی وزن میں کمی میں کردار ادا کرتا ہے۔

1. کھانے کے اوقات کی اہمیت کیا ہے؟

کھانے کے اوقات جسم کی اندرونی گھڑی کے ذریعے میٹابولزم پر اثرات مرتب کرتے ہیں۔

جسمانی گھڑی حیاتیاتی افعال جیسے نیند، جسمانی درجہ حرارت اور ذہنی مستعدی کو ریگولیٹ کرنے میں کردار ادا کرتی ہے۔

جسم کے قدرتی ردہم کے ساتھ غذاؤں کا استعمال جسمانی صحت کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرتا ہے۔

اس سے جسمانی وزن میں کمی آتی ہے اور بلڈ پریشر گھٹ جاتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق کھانے کے اوقات کو جسمانی گھڑی سے منسلک کرنے سے صحت میں متعدد تبدیلیاں آتی ہیں اور دائمی امراض جیسے ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔۔

2. کھانے کے درمیان وقفہ

ماہرین کے مطابق اگر غذاؤں کے استعمال کے درمیان موجود وقفہ محدود ہوتا ہے تو اس سے زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔

مثال کے طور پر آپ صبح 9 بجے ناشتہ کرتے ہیں اور رات کا کھانا رات 10 بجے کھاتے ہیں تو 13 گھنٹے کے اس وقفے کو کم کرکے 10 یا 11 گھنٹے تک لائیں۔

ماہرین کے مطابق یہ انٹرمیٹینٹ فاسٹنگ سے مختلف ہوتا ہے، جس میں غذاؤں کے درمیان وقفہ زیادہ طویل ہوتا ہے۔

کھانے کے اوقات میں کم وقفہ جسم کی اندرونی گھڑی کو دن بھر مستحکم انداز سے کام کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

3. رات گئے منہ چلانے کی عادت میٹابولزم کو متاثر کرتی ہے

رات گئے کچھ بھی کھانا صحت کے لیے مفید نہیں ہوتا کیونکہ ہمارا جسم غذا کے وقت کے مطابق ہارمونز کا ردعمل ظاہر کرتا ہے۔

جب آپ رات گئے کھانا کھاتے ہیں تو اس وقت جسمانی طور پر متحرک نہیں ہوتے، اس سے بتدریج بھوک اور کھانے کی اشتہا بڑھتی ہے جبکہ میٹابولزم افعال پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق شام میں بلڈ گلوکوز کی سطح زیادہ ہوتی ہے کیونکہ اس وقت آپ لیٹ کر یا بیٹھ کر وقت گزارتے ہیں اور جسمانی طور پر متحرک نہیں ہوتے، جس سے بلڈ گلوکوز کی سطح بڑھتی ہے۔

مگر رات میں جلد کھانا کھانے سے بلڈ گلوکوز کی سطح کو کم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

کئی بار رات گئے کھانے سے بچنا ممکن نہیں ہوتا، مگر سونے سے کچھ دیر قبل کھانا کھانے کو مستقل عادت بنانے سے صحت بہت زیادہ متاثر ہوتی ہے۔

اگر آپ رات 12 سے صبح 7 یا 8 بجے تک سوتے ہیں تو بیدار ہونے کے ایک گھنٹے بعد ناشتہ کرلیں۔

اس کے بعد دوپہر میں کھانا کھائیں اور رات کا کھانا سونے سے کم از کم 2 گھنٹے پہلے کھالیں

install suchtv android app on google app store