آلو بخارے کا جوس جسے تازہ یا خشک پھل سے بھی تیار کیا جاسکتا ہے صحت کے لیے کافی مفید ثابت ہوتا ہے۔
یہ جوس نظام ہاضمہ اور دل کی صحت کو بہتر بنا سکتا ہے۔
بیشتر افراد اس جوس کو قبض سے نجات کے لیے استعمال کرتے ہیں کیونکہ یہ جلاب جیسا اثر کرتا ہے۔
اس کے علاوہ یہ متعدد وٹامنز اور منرلز سے بھی لیس ہوتا ہے۔
اس کے چند فوائد درج ذیل ہیں۔
قبض کی روک تھام یا اس سے نجات دلانے کے لیے مفید
تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آلو بخارے کا جوس قبض سے نجات دلانے کے لیے بہترین ہوتا ہے۔
اس میں موجود فائبر، پولی فینولز اور دیگر اجزا ممکنہ طور پر آنتوں کے افعال کو بہتر بنا کر قبض سے نجات دلاتے ہیں۔
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 8 ہفتوں تک روزانہ 54 گرام جوس کے استعمال سے دائمی قبض سے نجات پانے میں مدد ملتی ہے جبکہ کسی قسم کے مضر اثرات کا سامنا بھی نہیں ہوتا۔
بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنا آسان ہوتا ہے
ہائی بلڈ پریشر کو امراض قلب اور فالج کا خطرہ بڑھانے والا ایک بڑا عنصر قرار دیا جاتا ہے۔
آلو بخارے کا جوس پینے سے بلڈ پریشر کی سطح کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
پوٹاشیم سے بھرپور پھل جیسے آلو بخارے بلڈ پریشر کو کم رکھنے کے لیے بہترین مانے جاتے ہیں۔
پوٹاشیم وہ منرل ہے جو نمکیات کے مضر اثرات کی روک تھام کرتا ہے۔
بلڈ کولیسٹرول میں ممکنہ کمی
خشک آلو بخاروں کے استعمال سے بلڈ کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ خشک آلو بخاروں سے صحت کے لیے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی آتی ہے۔
اس خشک پھل میں فلیونوئڈز اور فینولک ایسڈ جیسے اینٹی آکسائیڈنٹس موجود ہوتے ہیں جو کہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی لاسکتے ہیں۔
اینٹی آکسائیڈنٹس کا حصول
آلو بخارے کا جوس پینے سے جسم کے لیے اینٹی آکسائیڈنٹس کا حصول آسان ہوتا ہے۔
اس میں موجود فینولک نامی مرکبات اینٹی آکسائیڈنٹ خصوصیات سے لیس ہوتے ہیں۔
یہ اینٹی آکسائیڈنٹس جسم میں تکسیدی تناؤ کو کم کرتے ہیں جن سے مختلف دائمی امراض جیسے امراض قلب اور دیگر کا خطرہ بڑھتا ہے۔
وٹامنز اور منرلز جسم کا حصہ بنتے ہیں
آلو بخارے کا جوس متعدد وٹامنز اور منرلز کے حصول کا بہترین ذریعہ ثابت ہوتا ہے۔
اس میں موجود آئرن خون کی کمی کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ خلیات تک آکسیجن کی فراہمی بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
اسی طرح پوٹاشیم دل، اعصاب اور مسلز کے افعال کے لیے اہم منرل ہے جس سے بلڈ پریشر کی سطح میں کمی بھی آتی ہے۔
اس میں موجود وٹامن سی مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے جبکہ یہ وٹامن جِلد، ہڈیوں اور دیگر ٹشوز کے لیے بھی اہم ہوتا ہے۔
آلو بخارے کے جوس میں وٹامن K کی بھی معمولی مقدار موجود ہوتی ہے اور یہ وٹامن ہڈیوں کی صحت کو معاونت فراہم کرتا ہے۔
کیا احتیاط کرنی چاہیے؟
آلو بخارے کا جوس عموماً محفوظ قرار دیا جاتا ہے مگر اس کی زیادہ مقدار پینے سے گریز کرنا چاہیے ورنہ ہیضے کا سامنا ہوسکتا ہے۔