روزانہ سیڑھیاں چڑھنے 10کرشماتی فائدے

درحقیقت روزانہ چند سیڑھاں چڑھنا بھی آپ کو امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج سے بچا سکتا ہے۔ فائل فوٹو درحقیقت روزانہ چند سیڑھاں چڑھنا بھی آپ کو امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج سے بچا سکتا ہے۔

سیڑھیاں چڑھنا متعدد افراد کی روزمرہ کی مصروفیات کا حصہ ہوتا ہے۔ گھر، دفتر یا کسی اور جگہ پر سیڑھیوں کا استعمال کیا جاسکتا ہے مگر آپ کو کبھی احساس نہیں ہوتا کہ یہ عادت صحت کے لیے متعدد فوائد کا باعث بنتی ہے۔

درحقیقت روزانہ چند سیڑھاں چڑھنا بھی آپ کو امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج سے بچا سکتا ہے۔

سیڑھیاں چڑھنے سے جسم پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں وہ آپ درج ذیل میں جان سکتے ہیں۔

دل کی صحت بہتر ہوتی ہے

کچھ عرصے پہلے ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ پورے ہفتے میں محض 30 منٹ تک سیڑھیاں چڑھنے سے دل اور نظام تنفس سے متعلق فٹنس کو بہتر بنانا ممکن ہے۔

اسی طرح دن بھر بیٹھنے سے جسم پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کی شدت کو کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

سیڑھیاں چڑھتے ہوئے ٹانگوں اور کمر کے مسلز متحرک ہوتے ہیں جبکہ دل کی دھڑکن کی رفتار بھی بڑھ جاتی ہے۔

دل مضبوط ہونے سے وہ زیادہ مؤثر انداز سے جسم کو خون فراہم کرتا ہے اور امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

دل کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ گھٹ جاتا ہے

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ سیڑھیاں چڑھنے سے امراض قلب، ہائی بلڈ پریشر اور فالج سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

جسمانی وزن میں کمی

یہ عادت جسمانی کیلوریز کو مؤثر انداز سے چلانے والی سادہ ترین جسمانی سرگرمی ہے۔

جسمانی وزن میں اضافہ امراض قلب کا خطرہ بڑھانے والے عنصر ہے اور صحت مند وزن کو برقرار رکھنا دل کی صحت کے لیے بہت اہم ہوتا ہے۔

ٹانگوں کے مسلز مضبوط ہوتے ہیں

سیڑھیاں چڑھنا ایسی ورزش ہے جس سے ٹانگوں کے مسلز مضبوط ہوتے ہیں، خاص طور پر رانوں، پنڈلیوں اور کولہوں کے جوڑوں کو فائدہ ہوتا ہے۔

اس سے آپ کی ٹانگیں زیادہ طاقتور ہوتی ہیں اور روزمرہ کی سرگرمیوں کے دوران کم تھکاوٹ کا سامنا ہوتا ہے۔

جسمانی مسلز کو بھی فائدہ ہوتا ہے

ٹانگوں سے ہٹ کر سیڑھیاں چڑھنے سے دیگر مسلز جیسے پیٹ اور کمر کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔

مضبوط مسلز سے کمر درد سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

جسمانی توازن بہتر ہوتا ہے

سیڑھیاں چڑھنے سے جسمانی توازن کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

اس طرح عمر بڑھنے کے باوجود چلنے پھرنے میں مشکلات کا سامنا نہیں ہوتا۔

ہڈیوں کی کمزوری کا خطرہ کم ہوتا ہے

سیڑھیاں چڑھنے سے ہڈیوں کی کثافت بڑھتی ہے جس سے عمر میں اضافے کے ساتھ ہڈیوں کے امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

جسم مضبوط ہوتا ہے

اس عادت سے جسمانی فٹنس اور مضبوطی میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ امراض کے خلاف زیادہ لڑنے کے قابل ہو جاتا ہے۔

دماغی صحت کو بھی فائدہ ہوتا ہے

جسمانی سرگرمیوں جیسے سیڑھیاں چڑھنے سے جسم میں اینڈروفنز نامی ہارمون کا اخراج ہوتا ہے جو خوشی کا احساس دلاتا ہے۔

اس سے تناؤ میں کمی آتی ہے اور مزاج خوشگوار ہوتا ہے جبکہ انزائٹی سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

اوسط عمر میں اضافہ

سیڑھیاں چڑھنے کی عادت سے اوسط عمر میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ جسمانی سرگرمیوں سے مختلف امراض کا خطرہ گھٹ جاتا ہے جس سے زندگی کی مدت طویل ہوسکتی ہے۔

install suchtv android app on google app store