روزانہ چند منٹ کی چہل قدمی آپ کو ہارٹ فیل سے بچا سکتی ہے

روزانہ چند منٹ کی چہل قدمی آپ کو ہارٹ فیل سے بچا سکتی ہے فائل فوٹو روزانہ چند منٹ کی چہل قدمی آپ کو ہارٹ فیل سے بچا سکتی ہے

ہر ہفتے ڈھائی سے 5 گھنٹے چہل قدمی کرنے کی عادت ہارٹ فیلیئر کا خطرہ نمایاں حد تک کم کرسکتی ہے۔

جرنل سرکولیشن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ ہر ہفتے 150 سے 300 منٹ چہل قدمی یا 75 سے 100 منٹ کی جاگنگ ہارٹ فیلیئر کا خطرہ دوتہائی حد تک کم کردیتی ہے

اس تحقیق میں 95 ہزار افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا کہ معتدل سے سخت جسمانی سرگرمیوں سے دل کی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ہارٹ فیلیئر ایسی طویل المعیاد بیماری ہے جس کے دوران جسم کے لیے دل مناسب مقدار میں خون پہنچانے سے قاصر ہوجاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ جسمانی سرگرمیوں سے موٹاپے، ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس ٹائپ 2 کی روک تھام ہوتی ہے اور یہ سب ہارٹ فیلیئر کا خطرہ بڑھانے والے عناصر ہیں۔

تحقیق کے مطابق جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانا دل کے پٹھوں کو مضبوط بناسکتا ہے۔

اس سے قبل بھی تحقیقی رپورٹس میں ورزش اور دل کی بہتر صحت کے درمیان تعلق کو دریافت کیا جاچکا ہے۔

مگر اس نئی تحقیق میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے جسمانی سرگرمیوں سے دل پر مرتب ہونے والے اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی۔

تحقیق میں شامل کسی فرد میں ماضی میں ہارٹ فیلیئر کی تشخیص نہیں ہوئی تھی یا ہارٹ اٹیک کا سامنا نہیں ہوا تھا۔

ان افراد کی مانیٹرنگ 6 سال تک کلائی پر موجود ٹریکر کے ذریعے کی گئی جس سے جسمانی سرگرمیوں کے دورانیے اور شدت کو جاننے کا بھی موقع ملا۔

6 سال بعد دیکھا گیا کہ کتنے افراد میں ہارٹ فیلیئر کی تشخیص ہوئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانے سے اس جان لیوا بیماری کا خطرہ کم کیا جاسکتا ہے۔

تحقیق کے مطابق ہر ہفتے 150 سے 300 منٹ کی معتدل جسمانی سرگرمیوں سے ہارٹ فیلیئر کا خطرہ 63 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

اس کے مقابلے میں ہر ہفتے 75 سے 150 منٹ کی سخت جسمانی سرگرمیوں یا جاگنگ سے یہ خطرہ 66 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ کچھ وقت کی جسمانی سرگرمیوں سے بھی دل کی صحت کو کسی حد تک فائدہ ہوتا ہے۔

محققین نے کہا کہ نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ 10 منٹ تک آرام سے کی جانے والی چہل قدمی بھی بیٹھ کر وقت گزارنے سے بہت زیادہ بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ممکن ہو تو چہل قدمی کی رفتار کو بڑھا لیں جس سے زیادہ فائدہ ہوسکے گا۔

install suchtv android app on google app store