خیبر پختونخوا میں ڈینگی پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا

ڈینگی فائل فوٹو ڈینگی

خیبر پختونخوا کے اضلاع خیبر اور نوشہرہ میں مچھر کے کاٹنے سے لاحق ہونے والے ڈینگی بخار کے پھیلاؤ کے بعد محکمہ صحت خیبر پختونخوا صوبے میں بیماری کا پھیلاؤ روکنے میں مشکلات کا شکار ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت کے حکام کا اصرار ہے کہ حکومت، پولیو اور کورونا وائرس پر قابو پانے پر توجہ دے رہی ہے جبکہ ڈینگی کو نذر انداز کیا جارہا ہے جس کے کیسز کی تعداد ایک ماہ کے اندر 213 سے بڑھ کر 415 تک جاپہنچی ہے۔

محکمہ صحت نے جون میں ڈینگی کے 38، جولائی میں 103 اور اگست میں 177 کیسز ریکارڈ کیے، رپورٹ شدہ کیسز میں سے زیادہ تر خیبر، پشاور، ہری پور اور نوشہرہ اضلاع اور فرنٹیئر ریجن ڈیرہ اسمٰعیل خان سے سامنے آئے۔

حکام نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ شدید بارشوں کے بعد صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے جبکہ مختلف مقامات پر پانی جمع ہوگیا ہے جو کہ مچھروں کی افزائش کا باعث بنے گا۔

حکام کا کہنا تھا کہ صوبے میں 2017، 2019 اور 2021 میں ڈینگی کے بہت زیادہ کیسز سامنے آئے تھے اور حکومت کی جانب سے کسی بھی قسم کی لاپرواہی شہریوں کے لیے دوبارہ اسی قسم کی مشکل صورتحال کا باعث بن سکتی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کو ڈینگی سے بچاؤ کے طریقوں کے بارے میں آگاہی پھیلانے اور فیومیگیشن اسپرے کرنے کے لیے فنڈز کی ضرورت ہے جبکہ صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کے پاس ڈینگی سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں حفاظتی اقدامات کرنے کے لیے وسائل نہیں ہیں۔

install suchtv android app on google app store