پاکستانی اداکار سمیع خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شوٹنگ کے دوران آگ سے جھلسنے سے بچ گئے تھے۔
سمیع خان حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئے جس دوران میزبان نے ان سے مختلف اور دلچسپ موضوعات پر گفتگو کی۔
دوران شو سمیع خان نے بتایا کہ’ماضی میں اداکار معمر رانا ایک فلم ڈائریکٹ کررہے تھے یہ فلم تو مکمل نہیں ہوسکی لیکن اس فلم کے گانے شوٹ کیے گئے تھے، وہ وقت ہمارا بھی نوجوانی کا دور تھا، اس وقت میں بھی باڈی دکھانے کا شوقین تھا، گانے کی شوٹنگ کیلئے میرے جسم پر تیل لگایا گیا جس کے بعد مجھے آگ کے پاس جاکر ہاتھ سے پوز دینا تھا لیکن جب میں وہاں پہنچا تو جسم پر تیل کی وجہ سے آگ کی تپش اتنی محسوس ہوئی کہ فوراً دور ہٹ گیا‘۔
اداکار کے مطابق ’ میرے ہٹنے کے بعد وہاں موجود افراد نے مجھ سے وجہ پوچھی تو میں نے انہیں بتایا کہ آگ کی تپش ناقابل برداشت ہے جس کے بعد میک اپ آرٹسٹ نے حل نکالا کہ وہ میرے ہاتھ کے پیچھے سے اسپرے کرتا رہے اس کے باوجودبھی میں نے بڑی مشکل سے 5 سیکنڈ کا سین شوٹ کروایا ‘ ۔
دوران انٹرویو سمیع خان نے شوٹنگ کا ایک اور واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ ’ میں ایک مرتبہ اداکارہ جاناں ملک کے ساتھ رومانوی تعلق ختم ہونے کے سین کی شوٹنگ کررہا تھا، اس سین کیلئے موم بتی ہماری میز پر موجود تھی لیکن میں نے تجویز دی کہ سین میں جلتی ہوئی موم بتی پر ہاتھ رکھ کر ڈائیلاگ بولنا چاہوں گا ‘۔
اداکار کے مطابق ’میری تجویز تو قبول ہوگئی لیکن جیسے ہی میں موم بتی پر ہاتھ رکھ کر ڈائیلاگ کہا تو 3 سیکنڈ کے دوران ہی میرا ہاتھ جل گیا ‘۔
دوران انٹرویو سمیع خان نے دیگر نوجوان اداکاروں کو بھی مشورہ دیا کہ ہر کام کا ایک طریقہ ہوتا ہے وہ غلطیاں نہ کریں جو ہم سے ہوئیں، کسی بھی اداکار کو شوٹنگ کیلئے زیادہ جذباتی نہیں ہونا چاہیے۔