اپنی شادی اور تعلقات کی وجہ سے خبروں میں رہنے والی اداکارہ انمول بلوچ نے پہلی بار اپنے سابق کیریئر سے متعلق کھل کر بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ شوبز میں آنے سے قبل کال سنٹر پر ملازمت کرتی تھیں۔
انمول بلوچ نے حال ہی میں نجی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں مختلف معاملات پر کھل کر بات کی اور یہ بھی بتایا کہ وہ کس طرح کی شخصیت کی مالک ہیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کی آنے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’لو گُرُو‘ کو دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں، انہیں لگتا ہے کہ وہ اچھی فلم ہوگی۔
انمول بلوچ نے یہ بھی کہا کہ وہ حقیقت میں زندگی گزارنے پر یقین رکھتی ہیں، اس لیے انہیں کوئی خواہش نہیں کہ ان کی زندگی پر کتاب لکھی جائے یا فلم بنائی جائے۔ انہوں نے ساتھی اداکار علی رضا کی بھی تعریفیں کیں اور بتایا کہ ’اقتدار‘ ڈرامے میں ان کی جوڑی کو سراہا گیا لیکن ڈرامے میں ان کی جانب سے ایک ڈائلاگ کو بار بار بولے جانے پر صارفین نے ناپسند کیا۔
ان کے مطابق وہ ڈرامے میں تقریبا ہر قسط میں دوبار اپنے شوہر یعنی علی رضا کو بولتی دکھائی دیں کہ ’آپ چائے پئیں گے، آپ کے لیے چائے بناؤں‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے اسی ڈائلاگ پر شائقین نے سوشل میڈیا پر ان کا مذاق بھی بنایا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنا تخلص ’آپ کے لیے چائے بناؤں‘ رکھ لیں۔
انمول بلوچ نے اپنے مداحوں کو یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ ان سے متعلق انٹرنیٹ پر پھیلنے والی تمام معلومات پر یقین نہ کیا کریں، سوشل میڈیا پر چلنے والی ہر بات سچ نہیں ہوتی۔ اداکارہ نے تعلقات کے حوالے سے لوگوں کو تجویز دی کہ اگر وہ کسی کے ساتھ تعلقات میں ہیں تو پہلے خود اچھے انسان بنیں، اگر ان کے ساتھ ماضی میں کوئی حادثہ یا تعلقات میں بے وفائی ہوئی ہے تو پہلے وہ اس درد سے نکلیں، پھر کسی سے تعلقات قائم کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر انسان خود کسی درد یا مسئلے کا شکار ہوگا تو وہ اپنے ساتھ تعلقات میں رہنے والے شخص کو بھی تکلیف دے گا اور ان کے مسائل بھی بڑھائے گا، اس لیے ہر کسی کو پہلے اپنی تکلیف ختم کرنی چاہیے، پھر وہ کسی سے تعلقات استوار کرے۔
اپنی پہلی نوکری کے حوالے سے اداکارہ نے بتایا کہ شوبز میں آنے سے قبل وہ کال سینٹر میں ملازمت کرتی تھیں اور ان کی تنخواہ محض 16 ہزار روپے تھی۔
