عبدالحفیظ شیخ کی مرغی، خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی لانے کی ہدایت

وزیر اعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ فائل فوٹو وزیر اعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ

وزیر اعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے صوبائی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ مرغی کی قیمتوں کی سختی سے نگرانی کریں اور اس میں کمی لائیں۔

فنانس ڈویژن میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور رسد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے منعقدہ قومی پرائز مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے صوبائی چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ مارکیٹ میں مرغی کی طلب اور رسد کے درمیان فرق کو کم کرنے کے لیے ہموار فراہمی کو یقینی بنائیں۔

سرکاری اعلامیے میں کہا گیا کہ مشیر خزانہ نے وزارت صنعت کو بھی خوردنی تیل کی بڑھتی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے وزارت غذائی تحفظ کو ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان، میری ٹائم، کراچی پورٹ ٹرسٹ اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہنگامی اجلاس منعقد کرنے کا حکم دیا تاکہ لاجسٹک کمیٹی کے فیصلے کے مطابق گندم کی آف لوڈنگ سے متعلق شیڈول پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جاسکے۔

ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے چیف سیکرٹریز سے صوبوں میں گندم کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

انہیں بتایا گیا کہ اس وقت طلب کو پورا کرنے کے لیے کافی مقدار میں گندم دستیاب ہے۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ فراہمی کی صورتحال اور قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں بہتری کی وجہ سے جلدی خراب ہونے والی اشیا کے ساتھ ساتھ گندم اور چینی کی قیمتوں میں بھی مندی کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔

سیکریٹری خزانہ نوید کامران نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا رجحان پیش کرتے ہوئے کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان بیورو آف شماریات کے جاری کردہ تازہ ترین پرائز انڈیکس کے مطابق گندم کا آٹا، چینی، پیاز، ٹماٹر اور آلو سمیت 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، جبکہ 17 اشیاء کی قیمتوں میں تھوڑا بہت اضافہ ہوا ہے 21 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔

install suchtv android app on google app store