جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کی مشہور تویوسو فِش مارکیٹ میں سال کی پہلی نیلامی نے سب کو حیران کر دیا، جہاں ایک دیوہیکل بلیو فن ٹونا مچھلی 510.3 ملین ین (تقریباً 32 لاکھ ڈالر) میں فروخت ہو گئی۔
یہ اب تک کی سب سے مہنگی ٹونا نیلامی قرار دی جا رہی ہے۔
243 کلوگرام وزنی اس مچھلی کو معروف سشی چین سشی زانمائی کے مالک اور ٹونا کنگ کہلانے والے کیوشی کیمورا نے خرید لیا۔ نیلامی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیوشی کیمورا نے کہا کہ وہ اس قیمت پر خود بھی حیران ہیں، کیونکہ ان کا خیال تھا کہ مچھلی کچھ سستی مل جائے گی، مگر بولی لمحوں میں آسمان کو چھونے لگی۔
کیوشی کیمورا اس سے قبل بھی کئی بار ریکارڈ قائم کر چکے ہیں۔ 2012، 2013 اور 2019 میں وہ کروڑوں ین کی ٹونا خرید کر تاریخ رقم کر چکے ہیں، مگر اس بار انہوں نے اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔جاپان میں سال کی پہلی ٹونا نیلامی کو خوش بختی کی علامت سمجھا جاتا ہے، اسی لیے تاجر دل کھول کر بولی لگاتے ہیں۔
یہ مناظر سیاحوں کے لیے بھی خاص کشش رکھتے ہیں، جہاں صبح سویرے نیلامی کا جوش دیدنی ہوتا ہے۔
ریکارڈ قیمت پر خریدی گئی یہ مچھلی چند ہی گھنٹوں بعد سشی زانمائی کے ریسٹورنٹس میں پیش کر دی گئی۔ ایک گاہک نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، سال کے آغاز میں اتنی بابرکت چیز کھا کر لگتا ہے کہ نیا سال واقعی اچھا گزرے گا۔
ٹوکیو کی یہ نیلامی ایک بار پھر ثابت کر گئی کہ جاپان میں ٹونا صرف مچھلی نہیں بلکہ وقار، روایت اور خوش قسمتی کی علامت ہے۔