ویسے تو اگر آپ کا پرس یا کوئی اور چیز گم ہو جائے تو چند گھنٹوں بعد اس کا ملنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ مگر ایک خاتون کا پرس 6 دہائیوں سے زائد عرصے تک گم رہنے کے بعد مل گیا ہے۔
یہ حیرت انگیز واقعہ امریکا میں پیش آیا۔ اٹلانٹا کے پلازہ تھیٹر کی تزئین نو کے دوران یہ پرس ملا جس میں ایک ریفل ٹکٹ، کریڈٹ کارڈز، بلیک اینڈ وائٹ تصاویر اور دیگر سامان موجود تھا۔
یہ پرس ایک باتھ روم کی دیوار کے پیچھے چھپے خلا میں موجود تھا جسے ماضی میں الماری کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔
پلازہ تھیٹر کے مالک کرس ایسکوبار کے مطابق پرس میں موجود سامان سے اندازہ ہوا تھا کہ یہ پرس 65 سال پہلے گم ہوا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ماضی کا جھروکا ہے اور یہ پرس 65 سال پہلے اس علاقے میں رہنے والے کسی فرد سے گم ہوا۔
پلازہ تھیٹر اٹلانٹا کا قدیم ترین سنیما ہے اور اسے ایک ثقافتی مرکز بھی تصور کیا جاتا ہے جہاں کافی پرانی اشیا موجود ہیں۔
کرس ایسکو بار کے مطابق انہیں پہلے بھی کافی پرانا سامان ملا ہے مگر ایسا کبھی نہیں ہوا کہ دہائیوں پہلے گم ہونے والا پرس ملا ہو۔
پرس میں رکھے ڈرائیونگ لائسنس سے معلوم ہوا کہ اس کی مالکہ کا نام Floy Culbreth تھا۔
اس خاتون کی تلاش کے لیے کرس ایسکو بار نے اپنی اہلیہ کی مدد حاصل کی جو انٹریٹ سرفنگ کی ماہر ہیں۔
انہوں نے Floy Culbreth کے شوہر کے انتقال پر شائع ہونے والا نعزیت نامہ دریافت کیا اور پھر اس کی مدد سے خاتون کی بیٹی Thea Chamberlain کو ڈھونڈا۔
Thea Chamberlain کے مطابق ان کی والدہ بہت سے ملنسار خاتون تھیں اور اپنی برادری کے کاموں میں مصروف رہتی تھیں۔
انہوں نے اس پرس میں اپنا کچھ سامان بھی تلاش کیا جیسے انشورنس کارڈ۔ وہ اس وقت محض 6 سال کی تھیں جب یہ پرس گم ہوا تھا اور اب وہ 71 سال کی ہوچکی ہیں۔