ادرک کے حیرت انگیز طبی فوائد

ادرک فائل فوٹو ادرک

سپر فوڈ میں شمار کی جانے والی جڑی بوٹی، ادرک کے استعمال سے صحت پر بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں جن سے بیشتر افراد نا واقف ہیں۔

قدرت کے تحفے ادرک کے صحیح استعمال کے لیے اس کی افادیت سے واقف ہونا ناگزیر ہے کیوں کہ اسے متعدد بیماریوں کے قدرتی علاج کے طور پر صدیوں سے استعمال کیا جارہا ہے۔

ادرک سے متعلق طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سپر فوڈ کی دوڑ میں ادرک کا نمبر دیکھا جائے تو یہ دوسرے نمبر جبکہ دار چینی پہلے نمبر پر ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق ادرک میں بڑی تعداد میں فائبر، وٹامنز اور قدرتی اینٹی بائیوٹک خصوصیات پائی جاتی ہیں، اس کے استعمال سے اوسٹیو آرتھرائیٹس (جوڑوں کا درد)، نظام ہاضمہ، دمہ، بخار، اپھارا، مائیگرین، ذیابطیس، ہائی کولیسٹرول اور شوگر لیول سمیت بلڈ پریشر کی شکایت میں بھی آرام ملتا ہے۔

ادرک کے بطور چائے یا سلاد روزانہ استعمال کے نتیجے میں انسانی صحت پر آنے والے حیرت انگیز اثرات میں سے چند درج ذیل ہیں:

نظام ہاضمہ کے لیے

ادرک کا استعمال نظام ہاضمہ کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتا ہے، دوپہر اور رات کے کھانے کے بعد اگر ادرک کی چائے کا استعمال کر لیا جائے تو اس کے نتیجے میں پیٹ پھولنے، بد ہضمی اور تیزابیت سے نجات مل سکتی ہے۔

سوزش سے بچاؤ کے لیے بہترین دوا

ادرک میں اینٹی انفلامینٹری خصوصیات پائی جاتی ہیں جو اس کو پٹھوں اور جوڑوں کی پریشانیوں کا ایک بہترین گھریلو علاج بناتی ہیں، ادرک کی چائے پینے کے علاوہ اس کا استعمال سوزش والے جوڑوں کو آرام دینے کے لیے بھی کیا جا سکتا ہے۔

قوت مدافعت بڑھاتی ہے

غذائیت سے بھر پور جڑی بوٹی ادرک قوت مدافعت بڑ ھاتی ہے اور تھکن اور بوجھ پن کو دور کرتی ہے، اس میں موجود وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹ کی مدد سے جسم سے فاضل مادے نکل جاتے ہیں جس سے جسم کو موسمی بیماریوں اور انفیکشن سے لڑنے میں قدرتی طور پر آسانی ہوتی ہے۔

متلی اور مارننگ سکنس سے بچاتی ہے

قدرتی طور پر طبی جز رکھنے والی ادرک کی چائے حاملہ خواتین کو متلی اور مارننگ سکنس سے بچا سکتی ہے۔

متلی کی علامات سے چھٹکارا پانے کے لیے ایک انچ ادرک کو ایک سے دو کپ پانی میں شامل کر کے دس منٹ تک رکھا رہنے دیں، اس کے بعد اس پانی میں ایک چمچ شہد شامل کر کے استعمال کریں، اس عمل سے متلی کی علامات میں واضح کمی آئے گی۔

ادرک کا استعمال سُستی کا حاوی رہنا، پٹھوں میں درد، سوجن اور تھکاوٹ کا بھی بہترین علاج ہے، ادرک کی چائے مضر اثر سے پاک ہے۔

درد ختم کرنے کے لیے

ادرک میں موجود خصوصیات ہر طرح کے درد کو ختم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں لہٰذا ادرک کو کھانے میں استعمال کریں یا پھر ادرک کی چائے پینے سے جسم میں درد اور سوزش کا خاتمہ ہوتا ہے۔

ادرک کا استعمال کیسے کیا جائے؟

ادرک کا استعمال چائے سمیت سبزیوں، مرغی، لال گوشت اور دالوں کے سوپ میں بھی کیا جا سکتا ہے۔ ادرک کو روایتی دودھ والی چائے میں پکانے سمیت اس کا سادہ پانی میں قہوہ بنا کر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

install suchtv android app on google app store