سعودی عرب کے مشرقی ریجن میں رہائش پذیر 132 سالہ سعودی شہری کی صحت اور لمبی زندگی کا راز سامنے آگیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 132 سالہ سعودی شہری کے بیٹے کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ہماری صحت کا راز کھلی ہوا اور اونٹی کا دودھ پینا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی شہری نے مزید بتایا کہ ان کے والدین بھی حیات ہیں۔ والد کی عمر اس وقت 132 برس کے قریب ہے جبکہ دیگر بھائی بہن بھی انتہائی سادہ اصولوں پر اپنی زندگی بسر کررہے ہیں۔
سعودی شہری کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں کسی قسم کی مصنوعی خوراک کا استعمال نہیں کیا جاتا جبکہ فاسٹ فوڈ اور ہوٹلوں کے کھانوں سے مکمل اجتناب برتا جاتا ہے۔
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ فاسٹ فوڈ اور سافٹ ڈرنکس سے دور رہیں تاکہ صحت مندانہ زندگی سے لطف اندوز ہوسکیں۔
سعودی شہری نے مزید بتایا کہ ان کے والدین اور گھر کے کسی فرد کو نہ تو شوگر ہے اور نہ ہی وہ بلڈ پریشر کے مرض میں مبتلا ہیں۔کھلی ہوا میں پیدل چلنا او اونٹی کا دودھ، شہد اور دیسی گھی کا استعمال روز مرہ کا معمول ہے۔