نیپال: شدید زلزلے میں 128 افراد ہلاک، 140 زخمی

نیپال: شدید زلزلے میں 128 افراد ہلاک، 140 زخمی عالمی میڈٖیا نیپال: شدید زلزلے میں 128 افراد ہلاک، 140 زخمی

مغربی نیپال کے مضافات میں گزشتہ شب آنے والے زلزلے کے نتیجے میں 128 سے زائد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے جبکہ متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جمعے کی شب 11 بج کر 47 منٹ پر نیپال کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ نیپال کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کا مرکز جاجرکوٹ کا دیہی علاقہ رامیندا تھا جبکہ اس کی گہرائی 11 میل ریکارڈ کی گئی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ابتدائی طور پر نیپالی زلزلہ پیما مرکز نے زلزلے کی شدت 6.4 بتائی تھی تاہم جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز نے شدت 5.7 بتائی جبکہ امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق زلزلے کے باعث جاجرکوٹ اور روکم ویسٹ کے مختلف علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں، علاقے کے کئی مکانات منہدم ہو گئے ہیں۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جاجرکوٹ میں 92 اور روکم ویسٹ میں 36 افراد ہلاک ہوئے جبکہ جاجرکوٹ میں 55 اور روکم ویسٹ میں 85 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

حکام نے کئی لوگوں کے ابھی بھی ملبے تلے پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ہلاکتوں اور زخمیوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں، کئی عمارتوں اور انفرااسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، ملبے میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نیپال میں آنے والے زلزلے کے جھٹکے بھارت میں دہلی سمیت دیگر علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔

install suchtv android app on google app store