غیر قانونی پٹرول ڈپو میں آتشزدگی، متعدد افراد ہلاک

آگ کے بلند شعلوں نے پورے ڈپو کو اپنی لپیٹ میں لے لیا فائل فوٹو آگ کے بلند شعلوں نے پورے ڈپو کو اپنی لپیٹ میں لے لیا

مغربی افریقی ملک بینن میں اسمگل شدہ سستے داموں فروخت ہونے والے ایندھن کے ڈپو میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس میں35 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے جب کہ درجنوں موٹر سائیکلیں، کاریں اور گھر بھی خاکستر ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ آئل ڈپو غیر قانونی طور پر قائم کیا گیا تھا جہاں حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے برابر تھے۔ موٹر سائیکل اور کار سوار یہاں سے اسمگل شدہ پیٹرول سستے داموں خریدتے تھے۔آئل ڈپو سے پیٹرول تھیلیوں اور بوتلوں میں دیا جا تا تھا۔ تھیلیوں کے پھٹنے سے پیٹرول پھیل گیا اور سگریٹ کی راکھ گرنے سے اس میں آگ بھڑک اُٹھی۔ آگ کے بلند شعلوں نے پورے ڈپو کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

دھماکوں کی آواز سے پورا علاقہ گونج اُٹھا۔ امدادی ٹیموں کے پہنچنے سے قبل ہی 35 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے جب کہ درجنوں موٹر سائیکلیں، کاریں اور گھر بھی خاکستر ہوگئے۔ایک درجن سے زائد زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 6 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ بینن کا پڑوسی ملک نائیجیریا تیل کی دولت سے مالا مال ہے جہاں سے اسمگل ہوکر پیٹرول بینن کے قصبوں اور دیہاتوں میں نہایت سستے داموں فروخت ہوتا ہے۔

install suchtv android app on google app store