کراچی: شاپنگ مال میں آتشزدگی سے 10 افراد جاں بحق، درجنوں دکانیں جل گئیں

کراچی: شاپنگ مال میں آتشزدگی سے 10 افراد جاں بحق فائل فوٹو کراچی: شاپنگ مال میں آتشزدگی سے 10 افراد جاں بحق

کراچی میں راشد منہاس روڈ پر قائم شاپنگ سینٹر میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں اب تک 10 افراد جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔ جناح اسپتال کے حکام کے مطابق 8 میتوں کو جناح اسپتال جب کہ ایک سول اور ایک کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر شعبہ حادثات جناح اسپتال کابتانا ہے کہ جاں بحق اورزخمی ہونے والے تمام مرد ہی ہیں جن کی عمریں 22 سے 43 سال تک ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق صبح 6 بجے لگنے والی آگ عمارت کی چھٹی منزل سے چوتھی منزل تک پھیلی جس وجہ سے درجنوں دکانیں جل گئی ہیں جب کہ کثیر المنزلہ مال اور اطراف کی عمارتوں کی بجلی معطل کردی گئی ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ عمارت سے 42 افراد کو ریسکیو کیا جاچکا ہے تاہم دم گھٹنے کے نتیجے میں دس افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ دیگر 8 افراد کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے، عمارت کے اندر مزید لوگوں کے ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق 12 گاڑیاں، 2 اسنارکل اور تقریباً 50 فائر فائٹر کی مدد سے آگ بجھانے میں مصروف تھے جب کہ اب آگ پر قابو پالیا گیا ہے لیکن ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں دھواں بھرنےکے باعث آگ بجھانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، فائر بریگیڈ کے علاوہ ریسکیوکے دیگرادارے بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں، تاہم عمارت میں آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی ہے۔

install suchtv android app on google app store