اسرائیلی ہم منصب سے ملاقات پر لیبیا کی وزیر خارجہ معطل

اسرائیلی ہم منصب سے ملاقات پر لیبیا کی وزیر خارجہ نجلا منقوش معطل فائل فوٹو اسرائیلی ہم منصب سے ملاقات پر لیبیا کی وزیر خارجہ نجلا منقوش معطل

اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن سے ملاقات کے بعد لیبیا کی قومی اتحادی حکومت کے سربراہ نے وزیر خارجہ نجلا منقوش کو معطل کر دیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اتوار کو وزیر خارجہ نجلا منقوش کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔گزشتہ ہفتے اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ انہوں نے لیبیا کی وزیر خارجہ سے اٹلی میں خفیہ ملاقات کی ہے۔

وزیراعظم عبدالحمید دیبہ نے وزیر خارجہ کی معطلی کا حکم دیا ہے جبکہ صدارتی کونسل نے وزیر خارجہ کی ملاقات پر وضاحت مانگی ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے فیس بک پر دیے گئے ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ کو ’عارضی طور پر‘ معطل کر دیا گیا ہے اور ان سے وزارت انصاف کا ایک کمیشن ’انتظامی تحقیقات کرے گا۔‘

ریاست کی مجلس اعلیٰ جو لیبیا کی سیاست میں مشاورت کا کردار ادا کرتی ہے، نے بھی وزیر خارجہ کے دورے پر ’حیرت‘ کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ’ذمہ داروں کو جواب دہ ٹھہرایا جائے۔‘

ملاقات پر لیبیا کی وزارت خارجہ نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ نجلا منقوش نے اسرائیل کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کو مسترد کر دیا تھا اور یہ کوئی باضابطہ ملاقات نہیں تھی۔ بیان میں لیبیا کی وزارت خارجہ نے اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ وہ اس کو ’ایک ملاقات یا مذاکرات‘ کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بات چیت میں کوئی بحث، معاہدے یا مشاورت نہیں ہوئی۔ بیان میں وزارت خاجہ نے ایک مرتبہ پھر اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات کو مکمل طور پر مسترد کیا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی۔

install suchtv android app on google app store