بھارتی ساحل کے نزدیک اسرائیلی بحری جہاز پر ڈرون حملہ

بھارت کے مغربی ساحلی علاقے میں اسرائیل سے تعلق رکھنے والے تجارتی بحری جہاز پر ڈرون حملہ ہوا ہے۔ فائل فوٹو بھارت کے مغربی ساحلی علاقے میں اسرائیل سے تعلق رکھنے والے تجارتی بحری جہاز پر ڈرون حملہ ہوا ہے۔

بھارت کے مغربی ساحلی علاقے میں اسرائیل سے تعلق رکھنے والے تجارتی بحری جہاز پر ڈرون حملہ ہوا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل سے تعلق رکھنے والے بحری جہاز پر ڈرون حملہ بھارتی گجرات کے ساحلی علاقےمیں ہوا ہے۔

برطانوی میری ٹائم کمپنی کے مطابق ڈرون حملے کے نتیجے میں جہاز میں آگ لگ گئی تھی جو کہ بجھادی گئی ہے۔

برطانوی میری ٹائم کمپنی کا کہنا ہےکہ جہاز کا عملہ محفوظ ہے،کیمیکل مصنوعات سے بھرے جہاز پر افریقی ملک لائبیریا کا جھنڈا لگا تھا۔

خبر ایجنسی کے مطابق بھارتی بحریہ نے جہاز سے مدد کی درخواست پر جواب دینےکی تصدیق کی ہے۔

بھارتی حکام کا دعویٰ ہےکہ جہاز سعودی عرب سے خام تیل لے کر بھارتی بندرگاہ جا رہا تھا، جہاز کے عملے میں 20 بھارتی بھی شامل ہیں۔

بھارتی حکام کے مطابق حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، یہ حملہ بھارتی ریاست گجرات کے ساحلی شہر ویراول سے 200 کلومیٹر دور جنوب مغرب میں ہوا، حملے میں جہاز کا کچھ حصہ متاثر ہوا اور جہاز پر پانی بھی آگیا۔

برطانوی میری ٹائم کمپنی کے مطابق حالیہ غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد بحیرہ احمر سے دور کسی بحری جہاز کو نشانہ بنانےکا یہ پہلا واقعہ ہے۔

بحری جہاز پر حملے کی ذمہ داری فی الوقت کسی نے قبول نہیں کی تاہم خیال رہےکہ یمن کے حوثی گروپ نے اس سے قبل بحیرہ احمر میں اسرائیل سے تعلق رکھنے والے متعدد بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے اور کچھ کو اغوا بھی کیا ہے۔

گزشتہ دنوں حوثی گروپ نے دھمکی دی تھی کہ اگر غزہ میں مطلوبہ امداد نہ پہنچی تو بحیرہ احمر میں اسرائیل جانے والے تمام جہازوں کو نشانہ بنائیں گے۔

حوثی گروپ کا کہنا تھا کہ یہ نہیں دیکھا جائےگا کہ جہاز کس ملک یا قوم کا ہے، اسرائیل جانے والا ہر جہاز ہمارا ہدف ہوگا۔

حوثیوں کے حملوں کے خلاف امریکا نے 10 ملکی اتحاد کا اعلان بھی کیا ہے، 10 ملکی اتحاد میں امریکا، برطانیہ اور کینیڈا کے علاوہ فرانس ، اٹلی،اسپین، ناروے ، نیدر لینڈز ، بحرین اور سیشلز شامل ہے۔

install suchtv android app on google app store