برازیل کے سابق صدر جیئر بولسونارو کے لیے گزشتہ 10ماہ کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں رہے اور اب انہیں سعودی عرب سے تحفے میں ملنے والی گھڑی بیچنے کے الزام میں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب سے تحفے میں ملنے والی گھڑی فروخت کرنےکے الزام میں سابق برازیلین صدر بولسونارو کو گرفتار کیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2021 میں سعودی حکومت کی جانب سے برازیل کے سابق صدر بولسونارو کو تحفے میں قیمتی گھڑی اورزیورات دئیے گئے تھے۔ تحفے میں ملی قیمتی گھڑی کو بولسونارو کے قریبی ساتھی نے امریکا کے ایک مال میں فروخت کیا تھا جس کی رقم 68 ہزار ڈالرز سابق برازیلین صدر نے وصول کی۔
رپورٹ کے مطابق 68 سالہ بولسونارو کے خلاف فراڈ اورالیکشن میں ہیر پھیر کے الزامات عائد کیے گئے ہیں اور ان کے متعدد ساتھی جیل میں ہیں۔ سابق برازیلین صدر کو انتخابات میں شکست ہوئی اور ان پر7 سال تک کوئی بھی اہم عہدہ سنبھالنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ سعودی عرب سے ملی قیمتی گھڑی بیچنے کے الزام میں ان کی گرفتاری کا امکان ہے۔