برازیل کا ایک شہری جو کہ سر پر چوٹ کھانے کو محض ایک پتھر کی مار سمجھ رہا تھا، وہ سر میں لگی ایک گولی نکلی جو دماغ میں پھنس گئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے سال 2024 کے موقع پر 21 سالہ برازیلین شہری میٹیوس فاسیو ایک مقامی پارٹی میں شریک تھے جب ان کے ساتھ یہ حادثہ پیش آیا اور اس کے بعد بھی وہ 4 دن تک اپنے روزمرہ معمولات میں مشغول رہے۔
کابو فریو میں میٹیوس فاسیو ایک پارٹی میں شریک تھے جب انہوں نے ایک تیز آواز سنی اور اپنے سر میں شدید درد محسوس کیا۔ انہوں نے اپنا ہاتھ اپنے سر کے اوپر رکھا اور خون محسوس کیا۔ تاہم انہوں نے سوچا کہ یہ ایک پتھر ہے جو کسی کی طرف سے غیر ارادی طور پر پھینکا گیا ہے۔
وہ 3 دن تک اپنے روز مرہ معمولات میں مشغول رہے جب چوتھے دن انہیں کچھ غلط لگا۔ میٹیوس کا بایاں بازو تھوڑا کمزور ہوگیا تھا۔ اس میں کسی چیز کو پکڑ کر اٹھانے کی طاقت ویسی نہیں رہی تھی۔ وہ سیدھا مقامی پرائیویٹ اسپتال گئے جہاں انہوں نے اس حالت کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں کو چار دن پہلے پتھر لگنے کے بارے میں بھی بتایا۔
جب ڈاکٹروں نے ان کا سی ٹی سکین کیا تو وہ حیران رہ گئے اور اس معجزے کو ان کی دوسری پیدائش قرار دیا۔ سی ٹی اسکین سے پتہ چلا کہ جو پتھر ان کے سر پر لگا وہ دراصل ایک گولی تھی جو اب ان کے سر میں پھنس ہوئی تھی۔ اس کے بعد ڈاکٹروں نے گولی کو نکالنے کے لیے دماغ پر ایک خطرناک سرجری کی جس میں موت تک کا خطرہ تھا تاہم آپریشن کامیاب رہا اور میٹیوس اب صحتیابی کی طرف گامزن ہیں۔