دنیا بھر میں طلاق کی شرح میں اضافے کی وجہ کیا ہے؟

  • اپ ڈیٹ:
دنیا بھر میں طلاق کی شرح میں اضافے کی وجہ کیا ہے؟ فائل فوٹو

طلاق کی شرح میں اضافے کی وجہ کیا ہے؟۔ یہ وہ سوال ہے جس نے سب کو سوچنے پر مجبور کیا ہوا ہے آخر میاں بیوی جیسا خوبصورت رشتہ اس مرحلے پر کیوں آکھڑا ہو جاتا ہے۔

دنیا بھر میں طلاق کی شرح میں ہونے والے اضافے کی ایک بڑی وجہ خاوند یا بیوی کا اپنے شریک حیات پر توجہ دینے کے بجائے موبائل فون میں گم رہنا بھی ہے۔

سائنسی جریدے (Computers in Human Behavior) میں ترکیہ کی Niğde Ömer Halisdemir یونیورسٹی میں کی جانے والی سائنسی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جب خاوند یا بیوی میں سے کوئی ایک موبائل فون میں زیادہ تر وقت گزارتا ہے اور اپنے شریک حیات پر توجہ مرکوز نہیں کرتا تو شادی متاثر ہوتی ہے۔

شائع شدہ تحقیق میں اس عمل کے لیے Phubbing کی اصطلاح استعمال کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ اسمارٹ فونز زیادہ استعمال کرنے سے دیگر افراد برا محسوس کرتے ہیں۔

سائنسی تحقیق کے لیے تقریباً 37 سال کی عمر کے 172 جوڑوں کو شامل کیا گیا اور دیکھا گیا کہ موبائل فونز زیادہ استعمال کرنے سے قائم رشتے پہ کیا فرق پڑتا ہے؟

شائع شدہ رپورٹ کے مطابق تحقیق میں شامل کیے جانے والے جوڑوں سے نہ صرف تفصیلات حاصل کی گئیں بلکہ سوالنامے بھی بھروائے گئے تا کہ ان کی ذہنی صحت کی بابت بھی جانچ کی جا سکے۔

جوڑوں کو دیے جانے والے سوالنامے کا ایک مقصد یہ بھی تھا کہ ان میں موجود بات چیت کی صلاحیت کا اندازہ کیا جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق نتائج سے ثابت ہوا کہ خاوند یا بیوی میں سے اگر کوئی زیادہ وقت موبائل پہ گزارتا ہے تو باہمی رشتہ زیادہ متاثر ہوتا ہے اور شادی شدہ افراد کے لیے یہ عادت تباہ کن ہے۔

ماہرین کے مطابق موبائل فونز پہ زیادہ وقت گزارنے والے کے ساتھی خود کو نظرانداز کرنے کے مترادف سمجھتے ہیں، انہیں برا محسوس ہوتا ہے اور پھر جھگڑے بڑھ جاتے ہیں۔

ترکیہ کی یونیورسٹی میں کی جانے والی تحقیق کے مطابق شریک حیات کی بات اور خیالات پر پوری توجہ مرکوز کرنے سے باہمی تلخیاں کم ہوتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق تحقیق کسی حد تک محدود تھی کیونکہ نتائج کے لیے جوڑوں کی جانب سے خود بیان کی گئی باتوں پر انحصار کیا گیا، اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

شائع شدہ رپورٹ میں شادی شدہ افراد کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ایک دوسرے سے بات چیت کی صلاحیت بہتر بنائیں تو خوشگوار زندگی زیادہ اہم ثابت ہوگی۔

install suchtv android app on google app store