بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور میں ایک شخص نے بغیر اجازت اپنی بھنویں بنوانے والی اہلیہ کو طلاق دے دی۔ معاملہ پولیس کے علم میں اس وقت آیا جب خاتون اپنے شوہر اور سسرال والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے گئی۔
گل صیبہ اور سلیم کی شادی جنوری 2022 میں ہوئی تھی، بعد ازاں سلیم روزگار کے مواقع کی تلاش میں 30 اگست 2023 کو سعودی عرب روانہ ہوگیا تھا۔
لڑکی نے الزام عائد کیا کہ شادی کے بعد سے اس کے سسرال والے اسے جہیز کے لیے ہراساں کر رہے تھے۔ پولیس کو دیے گئے ایک بیان میں لڑکی کا کہنا تھاکہ اس کا شوہر ایک انتہائی پرانے خیالات کا مالک اور قدامت پسند شخص ہے جس نے ہمیشہ اس کے فیشن کے انتخاب پر اعتراض اٹھایا ہے۔
4 اکتوبر کو ایک ویڈیو کال کے دوران سلیم نے دیکھا کہ اہلیہ کی بھنوؤں کی شکل بدل گئی ہے اور اس وضاحت کے باوجود کہ اس نے انہیں اس لیے بنوایا کیونکہ چہرہ اچھا نہیں لگ رہا تھا، سلیم نے طیش میں آکر تین طلاقیں دے دیں۔
گل صیبہ کے مطابق سلیم نے کہا، ’آپ نے میرے اعتراضات کے باوجوداپنی بھنوؤں کو شیپ دی۔ آج سے میں تمہیں اس شادی سے آزاد کرتا ہوں‘۔ اس کے بعد سے دونوں کے درمیان کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔
خاتون نے اپنی شکایت میں کہا، ’میری شادی کو صرف ایک سال ہوا تھا۔ میرے شوہر، جنہوں نے پہلے میری بے عزتی کی تھی،اب مجھے تین بار طلاق دے دی ہے، میں چاہتی ہوں کہ پولیس سلیم کے خلاف خلاف مناسب کارروائی کرے‘۔