کویت آنے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر، قرنطینہ کی شرط ختم

کویت آنے والے مسافروں کے لیے قرنطینہ کی شرط ختم فائل فوٹو کویت آنے والے مسافروں کے لیے قرنطینہ کی شرط ختم

کویت آنے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر ہے کہ حکومت نے پی سی آر ٹیسٹ منفی آنے کی ‏صورت میں قرنطینہ کی شرط ختم کر دی۔

کویتی میڈیا کے مطابق کابینہ نے بیرون ملک سے مملکت آنے والے مسافروں کے گھریلو قرنطینہ ‏کی مدت میں بھی کمی کر دی ہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع نے اعلان کیا کہ مملکت پہنچنے پر پی سی آر ٹیسٹ منفی آنے کی ‏صورت میں مسافر کو گھریلو قرنطینہ سے آزاد کر دیا جائے گا جب کہ ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت ‏میں صرف 7 دن قرنطینہ کرنا ہوگا۔

اس سے قبل مملکت میں گھریلو قرنطینہ کی مدت 10 روز تھی۔ فیصلے کا اطلاق منگل 18 جنوری ‏سے ہوگا۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس سے قبل مملکت آنے کے تین دن بعد یعنی 72 گھنٹے کے اندر مسافر ‏کو پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوتا تھا نتیجہ منفی آنے کی صورت میں قرنطینہ ختم ہو جاتا تھا جب کہ ‏مثبت آنے پر 10 روز قرنطینہ کی مدت مکمل کرنا ہوتی تھی۔

کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کے پیش نظر کویت میں ایک بار پھر مساجد اور شادی کی ‏تقریبات کے لیے کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات نافذ کردیے گئے ہیں۔

‏ مساجد جانے والوں کو سماجی فاصلہ اختیار کرنے، ماسک پہننے اور اپنی ذاتی جانماز لانے کی ‏ہدایت کی گئی ہے۔مساجد کی انتظامیہ کو خطبوں اور نماز کے اوقات کے دوران کھڑکیاں اور ‏دروازے کھلے رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

subscribe YT Channel install suchtv android app on google app store