مقررہ حد سے زیادہ ذاتی سامان لانے والے مسافروں کے لیے سعودی حکام کا بیان جاری

ائیر پورٹ فائل فوٹو ائیر پورٹ

سعودی حکام نے وضاحت کی ہے کہ 3 ہزار ریال کی مقررہ حد سے زیادہ ذاتی سامان لانے والے مسافروں کو ڈیوٹی ادا کرنا ہوگی۔

سعودی محکمہ کسٹم و ٹیکس کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ڈیوٹی کے حوالے سے کیے گئے استفسار کے جواب میں حکام نے کہا کہ تین ہزار ریال کی مقررہ حد سے زیادہ ذاتی سامان لانے والے مسافروں کو اس پر ڈیوٹی ادا کرنا ہوگی، تاہم استعمال شدہ سامان پر کسٹم ڈیوٹی عائد نہیں کی جاتی۔

محکمہ کسٹم نے وضاحت کہ ذاتی استعمال کی ایسی اشیا جن کی مالیت 3 ہزار ریال سے زائد ہوگی، اس پر ڈیوٹی فی فرد کے حساب سے عائد کی جاتی ہے، خاندان کے حساب سے نہیں۔

محکمے نے بتایا کہ استعمال شدہ ذاتی سامان پر کسٹم ڈیوٹی عائد نہیں کی جاتی، لایا جانے والا قیمتی سامان فیکٹری کی پیکنگ میں ہو اور استعمال شدہ نہ ہو اور اس کی مالیت تین ہزار ریال سے زائد ہو، تو اس پر ڈیوٹی ادا کرنا لازمی ہے۔

اگر مسافروں کے پاس سامان کی قیمت پر مبنی رسید نہ ہو تو اس صورت میں کیا کیا جائے گا؟ محکمے نے کہا کہ ایسی اشیا جن کی مالیت کے سلسلے میں مسافروں کی جانب سے خریداری رسید مہیا نہ کی جائے، اس سامان کی مالیت کا تعین محکمہ کسٹم کی مخصوص کمیٹی کرے گی۔

محکمے نے وضاحت کی کہ اس کمیٹی کی جانب سے متعین کی گئی قیمت کے حساب سے سامان پرڈیوٹی ادا کرنا مسافر کے ذمہ ہوتا ہے۔

install suchtv android app on google app store