ناسا نے کیا سیاحوں کیلئے بڑا اعلان

ناسا فائل فوٹو ناسا

چاند پر جانے اور خلا میں چہل قدمی کرنے کے شوقین افراد تیار ہوجائیں، امریکی ادارے ناسا نے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کو سیاحوں کیلئے کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔

ناسا کے اعلان کے مطابق سال 2020 تک مدار میں قائم بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا، سیاح تیس دن کے لیے خلا میں قائم اس سٹیشن پر قیام کرسکیں گے جس کیلئے فی سیاح رات کا کرایہ 35 ہزار امریکی ڈالرمقرر کیا گیا ہے۔

خلائی اسٹیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر روبن گیٹن کے مطابق ہرسال دو خلابازوں کے نجی سفر کے مشنز ہوا کریں گے۔

ناسا انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کے چیف فائنینشل آفیسر جیف ڈویٹ کا کہنا ہے کہ اسے کمرشل مواقع اور کاروباری مقاصد کے لیے کھولا جا رہا ہے۔ ایک سیاح 30 دن کے لیے خلا میں اس سٹیشن پر قیام کرسکے گا۔ سیاحوں کو امریکی خلائی جہاز میں بھیجا جائے گا۔

 

جیف ڈویٹ مطابق خلائی سیاحت کا انتظام کرنے والی نجی کمپنیاں خلائی جہاز کے عملے کی صحت اور تربیت کی ذمہ دار ہوں گی۔

ان کمپنیوں میں ممکنہ طور پر بوئنگ اور سپیس ایکس شامل ہیں۔

اس سے قبل ناسا کی جانب سے اسپیس اسٹیشن کو کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے پرپابندی عائد تھی لیکن اب کہا جا رہا کہ اسے کاروباری مقاصد کیلئے کھولنا آئی ایس ایس کی نجکاری کی طرف ایک قدم ہے۔

اس حوالے سے گزشتہ سال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی نئی بجٹ تجاویز میں اعلان کیا تھا کہ سال 2025 تک اسپیس سٹیشن کی مالی امداد ختم کر دی جائے گی۔

یاد رہے کہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کا پہلا حصہ سال 1998 میں لانچ کیا گیا تھا جس کے بعد سے سال 2000 سے یہ اسٹیشن مسلسل استعمال میں رہا ہے۔

 

 

install suchtv android app on google app store