اگر کوئی آپ سے پوچھے کہ ابھی چاند پر کیا ٹائم ہوا ہوگا تو اس کا کیا جواب دیں گے؟
حقیقت تو یہ ہے کہ چاند پر ہماری زمین کی طرح کا کوئی ٹائم زون نہیں جس سے وقت کا تعین کیا جا سکے، یعنی چاند کا معیاری وقت کیا ہے، یہ ابھی طے نہیں۔
یہی وجہ ہے کہ امریکی خلائی ادارے ناسا کو وائٹ ہاؤس کی جانب سے چاند کے لیے ٹائم زون تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس ٹائم زون کو چاند پر مستقبل میں بھیجے جانے والے مشنز کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
لونر کوآرڈینیٹڈ ٹائم (ایل یو سی) سے چاند پر اترنے والے خلا بازوں کے ساتھ ساتھ زمین پر موجود کنٹرول سینٹرز کو زیادہ بہتر طریقے سے کام کرنے میں مدد ملے گی۔
خیال رہے کہ زمین کے مقابلے میں چاند پر وقت 58 مائیکرو سیکنڈ زیادہ ہے جس کی وجہ کشش ثقل کم ہونا اور چاند کے گھومنے کی رفتار ہے۔
اس وقت چاند کا کوئی آفیشل ٹائم زون نہیں اور ہر ملک وہاں اسپیس پروگرام کے لیے اپنے ٹائم زون کو استعمال کرتا ہے جو عموماً یونیورسل ٹائم پر مبنی ہوتا ہے۔
ناسا کی جانب سے امریکی محکمہ تجارت، دفاع، خارجہ اور دیگر کے ساتھ ملکر 31 دسمبر 2026 تک چاند کے ٹائم زون کے لیے حتمی منصوبہ تیار کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق اس ٹائم زون سے چاند پر نیوی گیشن میں بھی مدد ملے گی کیونکہ ابھی روبوٹ مشنز کو وہاں زمینی وقت کے مطابق جی پی ایس استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے چاند پر بھیجے گئے انسانی مشنز کے دوران خلا بازوں نے کوآرڈینیٹڈ یونیورسل ٹائم (یو ٹی سی) کو استعمال کیا تھا۔
ناسا 2026 میں انسانوں کو چاند پر اتارنے کے لیے آرٹیمس 3 مشن روانہ کرے گا جبکہ چین کی جانب سے بھی 2030 تک انسانوں کو چاند کی سطح پر بھیجنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
دونوں ممالک کی جانب سے چاند کے قطب جنوبی پر انسانی مشنز کو بھیجا جائے گا۔