ملک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، کل پہلا روزہ ہوگا

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانامحمد عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔ اسکرین گریب چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانامحمد عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔

ملک میں رمضان المبارک 1445 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے اور کل بروز منگل پہلا روزہ ہوگا۔ رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین نے پاکستان بھر میں 1445 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا، جس کے تحت ملک بھر میں کل پہلا روزہ ہوگا۔ چیئرمین مولانا عبدالخبیر کی زیر صدارت مرکزی اجلاس پشاور جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس دیگر شہروں میں ہوا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ملک میں چاند نظر آنےکی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور، سوات، دیر اور پشاور سمیت مختلف شہروں سے رویت ہلال کی شہادت موصول ہوئیں جس کے بعد متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں کل بروز منگل یکم رمضان ہوگا۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے مرکزی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رمضان المبارک کے آغاز کا اعلان کیا۔

علاوہ ازیں اسلام آباد، پشاور، کراچی سمیت دیگر شہروں میں چاند واضح طور پر دیکھا گیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے رمضان المبارک کے آغاز پر امت مسلمہ اور پاکستانیوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ ’اللہ رب العزت ماہ مبارک کی نعمتوں میں مستفید ہونے کی توقیق عطا فرمائے اور پاکستان کو دن گنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے‘۔

اس کے علاوہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سمیت دیگر شخصیات نے بھی رمضان المبارک کے آغاز پر قوم اور امت مسلمہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے پاکستان کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھنے کی اپیل کی ہے۔

install suchtv android app on google app store