پاکستان میں مشہور موٹر سائیکل ساز کمپنی اٹلس ہونڈا نے صارفین کیلئے موٹر سائیکل خریدنے کا ایک نیا اور آسان طریقہ متعارف کرایا ہے۔
اب خریدار سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے پلان کے ذریعے ہونڈا موٹر سائیکل آسان ماہانہ اقساط میں حاصل کر سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اس اسکیم کے تحت کنونشنل کریڈٹ کارڈ ہولڈرز اپنی ادائیگی کو 3، 6 یا 12 ماہ کی قسطوں میں تقسیم کر سکتے ہیں، اور اس دوران انہیں کسی بھی قسم کا سود ادا نہیں کرنا ہوگا۔
کمپنی نے اس پیشکش کو سود سے پاک بنا کر صارفین کے لیے اسے مزید پرکشش بنا دیا ہے۔
تاہم قسطوں کی مدت کے مطابق ایک مرتبہ کی پراسیسنگ فیس لازمی طور پر بکنگ کے وقت ادا کرنا ہوگی۔
اگر کوئی خریدار 3 ماہ کی اقساط چنتا ہے تو 1.99 فیصد پراسیسنگ فیس لاگو ہوگی، 6 ماہ کی اقساط پر یہ فیس 5.99 فیصد ہوگی، جبکہ 12 ماہ کی قسطوں پر 11.99 فیصد فیس لاگو ہوگی۔
اس کے ساتھ ساتھ اضافی ٹیکسز بھی لاگو ہوں گے۔
علاوہ ازیں، صارف کے علاقے کے مطابق فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بھی علیحدہ سے چارج کی جائے گی، جس کی شرح مختلف علاقوں میں مختلف ہو سکتی ہے۔
اٹلس ہونڈا کے مطابق اس سکیم کا بنیادی مقصد متوسط طبقے کے افراد کو مالی دباؤ کے بغیر موٹر سائیکل کی خریداری کا موقع فراہم کرنا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سہولت کے تحت صارفین صرف 13 ہزار روپے ماہانہ سے بھی اپنی ہونڈا بائیک حاصل کر سکتے ہیں، جس سے روزمرہ آمدورفت کے مسائل میں نمایاں کمی ممکن ہو سکے گی۔