ذہنی دباؤ ختم کرنے کے آسان طریقے، ڈپریشن جیسی علامات کم کریں

ذہنی دباؤ ختم کرنے کے آسان طریقے، ڈپریشن جیسی علامات کم کریں فائل فوٹو ذہنی دباؤ ختم کرنے کے آسان طریقے، ڈپریشن جیسی علامات کم کریں

اگر ورزش کرنے کے بعد مزاج خوشگوار محسوس ہو رہا ہے تو یہ آپ کا وہم نہیں، حقیقت میں ایسا ہی ہوتا ہے۔

درحقیقت جسمانی سرگرمیوں سے مزاج خوشگوار ہوتا ہے اور ڈپریشن جیسے عام ترین دماغی مرض کی علامات کی شدت میں کمی آتی ہے۔

یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی۔

برطانیہ کی لنکا شائر یونیورسٹی کی تحقیق میں ڈپریشن کے شکار 5 ہزار افراد پر ہونے والے 73 کلینیکل ٹرائلز کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔

ان میں سے بیشتر افراد سکون آور ادویات کا استعمال کر رہے تھے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ورزش کرنے کی عادت ڈپریشن کی علامات میں کمی لانے کے حوالے سے ادویات یا نفسیاتی تھراپیز جتنی ہی مؤثر ثابت ہوتی ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ورزش کرنے سے دماغی نیورو ٹرانسمیٹر افعال بہتر ہوتے ہیں جس سے ڈپریشن کی علامات کی شدت میں کمی آتی ہے۔

آسان الفاظ میں جسمانی سرگرمیوں سے جسم کے اندر ایسے کیمیکلز خارج ہوتے ہیں جو مزاج کو خوشگوار بناتے ہیں۔


اس کے ساتھ ساتھ ورزش سے ایسے عناصر بھی متحرک ہوتے ہیں جو دماغی نشوونما کے لیے اہم ہوتے ہیں جس سے بھی ڈپریشن کی شدت میں کمی آتی ہے۔

تحقیق کے مطابق ہلکی سے معتدل شدت کی ورزشوں سے بھی ڈپریشن کی علامات کی شدت میں کمی لانا ممکن ہے۔

یعنی ایسی جسمانی سرگرمیاں جس سے دل کی دھڑکن کی رفتار کسی حد تک بڑھ جائے تو دماغی صحت کو اس سے فائدہ ہوتا ہے۔

ایروبک ورزشیں جیسے تیز رفتاری سے چہل قدمی یا سیڑھیاں چڑھنے اور وزن اٹھانے کی ورزشوں کے امتزاج سے ڈپریشن کی روک تھام میں زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔


البتہ صرف تیز رفتاری سے چہل قدمی کرنے سے بھی دماغی صحت کو فائدہ ہوسکتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ مگر یہ لوگوں پر ہے کہ وہ کیسی ورزش کرنا چاہتے ہیں کئی بار یوگا سے بھی جاگنگ جتنا فائدہ ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ورزش پر زیادہ خرچہ بھی نہیں ہوتا اور مضر اثرات بھی نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں، جبکہ اس سے جسم، ذہن اور جذبات سب پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ ڈپریشن ایک پیچیدہ ذہنی مرض ہے جس کے شکار افراد اکثر اداس رہتے ہیں جبکہ ہر وقت بے بسی کا احساس بھی ہو سکتا ہے۔

مگر ڈپریشن محض 'دماغ' تک محدود رہنے والا مرض نہیں بلکہ اس کے نتیجے میں جسم بھی متاثر ہوتا ہے۔

یہ ایک ایسا دماغی مرض ہے جس سے موجودہ عہد میں ہر عمر کے افراد متاثر ہو رہے ہیں.

install suchtv android app on google app store