گوگل کی جانب سے مقبول نیوی گیشن سروس میپس میں 2 نئے فیچرز کو خاموشی سے متعارف کرا دیا گیا ہے۔
یہ دونوں فیچرز اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرائے گئے ہیں جن میں سے ایک الیکٹرک گاڑیوں کی نیوی گیشن سے متعلق ہے جبکہ دوسرا مخصوص سڑکوں کو شناخت کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
پہلا فیچر ای وی چارجنگ ہے جس کی مدد سے صارفین الیکٹرک گاڑیوں کےلیے اپنے قریب موجود چارجنگ اسٹیشنز تلاش کر سکیں گے۔
اس مقصد کے لیے انہیں اسکرین کے اوپر مین سرچ بار کے نیچے موجود فلٹر بٹن پر کلک کرنا ہوگا۔ مگر اس سے پہلے آپ کو گوگل میپس کی سیٹنگز میں جاکر اپنی گاڑی کو الیکٹرک وہیکل کے طور پر درج کرنا ہوگا۔
اس سے قبل گوگل کی جانب سے اپریل 2024 میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ایسے فیچرز کا اعلان کیا گیا تھا جن کا مقصد الیکٹرک وہیکل چارجنگ پوائنٹ کی تلاش میں مدد فراہم کرنا ہے۔
دوسرا فیچر عام صارفین کے لیے زیادہ کارآمد ثابت ہوگا۔ اس فیچر کے تحت جب آپ کسی سڑک کو سرچ کریں گے تو وہ اسکرین پر نیلے رنگ میں نظر آئے گی۔
ابھی سرچ کی جانے والی سڑک کے وسط میں ایک پن گڑی ہوئی نظر آتی ہے۔
اس نئے فیچر سے صارفین کو اس سڑک کو زیادہ بہتر جاننے کا موقع ملے گا جس کو وہ سرچ کر رہے ہوں گے، کیونکہ گوگل میپس کی جانب سے نیلے رنگ کے ذریعے بتایا جائے گا کہ سڑک کہاں سے شروع ہوئی اور کہاں ختم ہو رہی ہے۔
گوگل میپس کے یہ دونوں فیچرز بظاہر خاص محسوس نہیں ہوتے مگر یہ صارفین کے لیے کافی کارآمد ثابت ہوں گے۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ فیچرز آئی فون صارفین کے لیے کب تک متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔