ورلڈ ٹوائلٹ ڈے 19 نومبر کو منایا جاتا ہے، اس موقع پر مشہور کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی اور دنیا کی امیر ترین شخصیات میں سے ایک بل گیٹس برسلز میں گٹر میں اتر گئے۔
اس حوالے سے خود اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بل گیٹس نے ویڈیو شیئر کی اور کیپشن میں لکھا کہ ’اس سال ٹوائلٹ کے عالمی دن کے موقع پر، میں نے برسلز میں سیوریج سسٹم کی پوشیدہ تاریخ اور عالمی صحت سے متعلق گندے پانی کے کردار کا جائزہ لیا۔‘
68 سالہ بل گیٹس بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز کے زیر زمین سیوریج سسٹم کو دیکھنے کے لیے گٹر میں اترے۔ شیئر کی گئی ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے بھی سنائی دیے کہ گٹر میں بدبو ہے اور چوہے بھی ہیں۔
انھوں نے نے ویڈیو میں بتایا کہ کس طرح 1800 کی دہائی میں شہر کا دریائے سین سیوریج سے بھرا ہوا تھا، جس کے باعث ہیضے کی خوفناک وبا پھیلی تھی۔
بل گیٹس بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک بانی ہیں۔ یہ تنظیم ترقی پذیر ممالک میں صفائی سمیت عالمی مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے بھی کام کرتی ہے۔