معروف پاکستانی کرکٹر نے اپنی بیوی کو طلاق دیدی

معروف پاکستانی کرکٹر نے اپنی بیوی کو طلاق دیدی فائل فوٹو معروف پاکستانی کرکٹر نے اپنی بیوی کو طلاق دیدی

قومی کرکٹ ٹیم کے معروف آل راؤنڈر عماد وسیم(ammad waseem) نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق اہم اعلان کرتے ہوئے طلاق کی تصدیق کر دی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں عماد وسیم نے کہا کہ طویل غور و فکر کے بعد اور گزشتہ چند برسوں کے دوران پیدا ہونے والے ایسے اختلافات جن کا کوئی حل ممکن نہ ہو سکا، انہوں نے قانونی طور پر طلاق کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔

عماد وسیم کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ انتہائی ذاتی نوعیت کا ہے، اس لیے وہ عوام، مداحوں اور میڈیا سے درخواست کرتے ہیں کہ ان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔ انہوں نے واضح طور پر اپیل کی کہ پرانی جوڑے کی تصاویر کو شیئر کرنے یا استعمال کرنے سے گریز کیا جائے اور آئندہ ان کی سابقہ اہلیہ کو ان کی شریکِ حیات کے طور پر حوالہ نہ دیا جائے۔

قومی کرکٹر نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی کسی بھی قسم کی گمراہ کن یا من گھڑت کہانیوں پر یقین نہ کیا جائے۔ ان کے مطابق اگر کسی نے اس ذاتی معاملے کو غلط رنگ دینے، کردار کشی کرنے یا غیر متعلقہ افراد کو اس میں گھسیٹنے کی کوشش کی تو وہ قانون کے مطابق اس کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

عماد وسیم نے اپنے بچوں کے حوالے سے بھی دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بدستور ان کے والد ہیں اور رہیں گے، اور ان کی پرورش، دیکھ بھال اور ذمہ داری مکمل طور پر اور بھرپور طریقے سے ادا کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی فلاح و بہبود ان کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

آخر میں عماد وسیم نے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشکل وقت میں ان کے فیصلے کو سمجھیں، ان کی پرائیویسی کا احترام کریں اور غیر ضروری بحث و قیاس آرائی سے اجتناب کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوام اس ذاتی معاملے کو سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ لیں گے۔

install suchtv android app on google app store