آئی سی سی نے اکتوبر کے بہترین مینز کرکٹر کا اعلان کردیا ہے۔ آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ جنوبی افریقہ کے سینورن متھوسامی کے نام رہا، پاکستان کے نعمان علی اور افغانستان کے راشد خان کو بھی اکتوبر کے بہترین کھلاڑی کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔
جنوبی افریقہ کے سینورن متھو سامی کا آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کے خلاف پنڈی ٹیسٹ میں سیریز ڈرا کرنے میں اہم کردار تھا۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں 106 رنز بنائے اور 11 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، وہ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
نعمان علی نے جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر 14 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے لاہور ٹیسٹ میں 10 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کو 93 رنز سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ زمبابوے اور بنگلہ دیش کے خلاف راشد خان نے پانچ ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، انہیں اس کارکردگی کی بنیاد پر بہترین کھلاڑی کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔