قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی(Shaheen Shah Afridi) ایک بار پھر انجری کا شکار ہو گئے ہیں، جس کے باعث نہ صرف بگ بیش لیگ میں ان کی شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے بلکہ قومی ٹیم کے شائقین بھی تشویش میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
شاہین آفریدی (Shaheen Shah Afridi)آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (BBL15)میں برسبین ہیٹ کی نمائندگی کر رہے ہیں جہاں وہ ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہو گئے۔
میچ کے دوران ایک موقع پر فیلڈنگ کرتے ہوئے شاہین آفریدی (Shaheen Shah Afridi)کو اپنے گھٹنے میں شدید تکلیف محسوس ہوئی، جس کے بعد وہ کچھ دیر تک کھیل جاری نہ رکھ سکے اور لنگڑاتے ہوئے میدان سے باہر چلے گئے۔ ابتدائی طور پر ٹیم مینجمنٹ اور طبی عملے نے انہیں فوری طبی امداد فراہم کی، تاہم انجری کی نوعیت کا حتمی تعین ایم آر آئی اسکین کے بعد ہی ممکن ہو سکے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس انجری کے باعث شاہین آفریدی(Shaheen Shah Afridi) کے بگ بیش لیگ کے بقیہ میچز سے باہر ہونے کا خدشہ ہے، تاہم حتمی فیصلہ میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں کیا جائے گا۔ ٹیم انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم شائقین کرکٹ کی نظریں طبی رپورٹس پر مرکوز ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہین آفریدی تکلیف کے عالم میں لنگڑاتے ہوئے گراؤنڈ سے باہر جا رہے ہیں اور ہاتھ کے اشارے سے اپنے گھٹنے کی طرف اشارہ بھی کر رہے ہیں، جس سے انجری کی سنگینی کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی ماضی میں بھی گھٹنے کی انجری کا شکار رہ چکے ہیں اور طویل عرصے تک کرکٹ سے دور رہے تھے۔ اگلے سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کو مکمل طور پر فٹ شاہین آفریدی کی اشد ضرورت ہو گی، ایسے میں ان کی صحت اور فٹنس قومی ٹیم کے لیے نہایت اہم قرار دی جا رہی ہے۔
شائقین کرکٹ دعا گو ہیں کہ شاہین آفریدی جلد صحتیاب ہو کر ایک بار پھر میدان میں اپنی برق رفتار بولنگ کے جوہر دکھائیں۔