بابراعظم کی سینچری، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 38 رنز سے شکست دے دی

بابراعظم کی سینچری، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 38 رنز سے شکست دے دی فائل فوٹو بابراعظم کی سینچری، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 38 رنز سے شکست دے دی

ٹی 20 سیریز، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 38 رنز سے شکست دے دی۔ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 38 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان کے 193 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بناسکی اور اسے 38 رنز سے شکست ہوئی۔ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز مستحکم رہا اور بابر و رضوان کی جوڑی نے 99 رنز کی شراکت بنائی تاہم رضوان 50 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ فخرزمان، صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، عماد وسیم 2 رنز بناکر کیچ ہوئے۔ اس کے بعد بابر اور افتخار کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنائے۔

بابراعظم 101 رنز اور افتخار 33 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کے 193 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 44 کے مجموعی رنز پر گری جب ٹام لیتھم 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد چیڈ بوویس 26 رنز بناکر عماد وسیم کا شکار بنے۔ ویل ینگ 9 ، مچل 9، نیشم ایک، رویندرا 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بناسکی اور اسے 38 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

کیوی بیٹر مارک چیپمین 65 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ گرین شرٹس کی جانب سے حارث رؤف نے 4 جبکہ عماد، زمان اور شاداب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے 5 میچز کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کے خلاف لاہور میں ہونے والی سنچری بابر اعظم کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیرئیر کی تیسری سنچری تھی، انہوں نے یہ تینوں سنچریاں بطور کپتان اسکور کیں ہیں یوں وہ سب سے زیادہ سنچری بنانے والے کپتان بن گئے۔

بھارت کے روہت شرما اور سوئٹزرلینڈ کے فہیم نذیر نے بطور کپتان دو، دو سنچریاں اسکور کیں اور وہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ تاہم مجموعی طور پر سب سے زیادہ انٹرنیشنل سنچریوں میں روہت شرما چار سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ بابر اعظم نے تین سنچریاں بنائی ہیں، بھارت کے سوریا کمار یادو، آسٹریلیا کے گلین میسکویل، نیوزی لینڈ کے کولن منرو اور جمہوریہ چیک کے سبرون ڈاویزی نے بھی تین، تین انٹرنیشنل سنچریاں اسکور کی ہیں۔

لاہور میں نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری مجموعی ٹی ٹوئنٹیز میں بابر اعظم کی نویں سنچری ہے یوں وہ مجموعی ٹی ٹوئنٹی میں بھی سب سے زیادہ سنچری بنانے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے۔ بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں مجموعی طور پر 33 ویں مرتب ففٹی پلس اسکور کیا، بھارت کے روہت شرما نے بھی 33 ففٹی پلس اسکور بنائے۔ صرف ویرات کوہلی 38 ففٹی پلس اسکورز کے ساتھ ان دونوں سے آگے ہیں۔

آج کی اننگز کے بعد بابر اعظم نے بطور پاکستان کے کپتان سب سے زیادہ انٹرنیشنل رنز بنانے والوں کی فہرست میں انضمام الحق کو پیچھے چھوڑ دیا اور اب وہ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ بابر اعظم نے مجموعی طور پر بطور کپتان 5280 انٹرنیشنل رنز بنائے ہیں۔ مصباح الحق 7392 رنز کے ساتھ اس فہرست میں پہلی جبکہ عمران خان 5655 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ انضمام الحق نے بطور کپتان 5179 رنز بنائے تھے۔

install suchtv android app on google app store