شہر قائد کے علاقے کورنگی میں نامعلوم ملزمان نے سفاکیت کی انتہا کردی، مغوی 8 سالہ بچے کی آنکھوں میں ایلفی ڈال کر اسے چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق اتوار اورپیرکی درمیانی شب کورنگی کے سندھ گورنمنٹ اسپتال میں ایک 8 سالہ بچے کو لایا گیا جس کی آنکھوں میں نامعلوم افراد نے ایلفی ڈال دی تھی، بچے کو لانے والے افراد نے بتایا کہ عوامی کالونی کے علاقے میں نامعلوم افراد بچے کو چھوڑ گئے تھے اور اس کی آنکھوں میں ایلفی ڈالی ہوئی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق فوری طور پر ڈاکٹروں نے بچے کو طبی امداد فراہم کی اور اس کی آنکھوں سے ایلفی صاف کردی گئی تاہم بچے کے وارثوں کے بارے میں فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا جس کے بعد پولیس نے بچے کو شیلٹر ہوم منتقل کردیا۔
واقعے کی خبرآنے کے بعد بچے کے بھائی نے عوامی پولیس سے بچہ کی حوالگی کے لیے رابطہ کیا، جس پر پیرکی صبح شیلٹر ہوم انتظامیہ نے 8 سالہ عبدالحنان کو اہل خانہ کے حوالے کردیا۔
اس موقع پرشیلٹر ہوم انتظامیہ نے کہا کہ بچے کا میڈیکل کرایا جائے گا، شبہ ہے کہ بچے کے اغوا میں کوئی اپنا ملوث ہو سکتا ہے،ڈی آئی جی ایسٹ واقعہ کا سخت نوٹس لیں اور بچے کے اغوا میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے۔
فلاحی ادارے میں جب ماں نے اپنے جگر گوشے کو گود میں لیا تو دھاڑیں مار مار کر رونے لگیں، بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہماری کوئی دشمنی نہیں، میں بیوہ ہوں اور میرے چھ بچے ہیں، خود کام کرکے اپنے بچے پالتی ہوں۔
بچے کی والدہ نے کہا کہ ان کا بیٹااتوارکی صبح ساڑھے 8 بجے دس روپے لے کر گھر سے نکلا تھا، جس کے بعد وہ لا پتا ہو گیا، ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو بہت تلاش کیا، لیکن رات 11 بجے میرے بیٹے کے پاس فون آیا۔ انھوں نے بتایا کہ عبدالحنان سب سے چھوٹا بیٹا ہے، مجھ سے کسی نے رابطہ نہیں کیا، اپنے بچے کے علاج کے لیے حکومتی امداد کی اپیل کرتی ہوں۔