این ایف سی اجلاس: سندھ اور خیبرپختونخوا کی صوبائی شیئر پر اعتراضات اٹھ گئے

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت گیارہواں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) اجلاس جاری ہے فائل فوٹو وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت گیارہواں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) اجلاس جاری ہے

اسلام آباد میں جمعرات کو وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت گیارہواں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) اجلاس جاری ہے، جس میں چاروں صوبوں کے وزراء خزانہ اور وزرائے اعلی شریک ہیں۔ اجلاس میں صوبائی مالیاتی حصے، آئندہ مالی سال کے بجٹ امور اور دیگر اہم مالیاتی معاملات زیر غور ہیں۔

سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور خیبرپختونخوا کے سہیل آفریدی سمیت شرکاء نے صوبائی شیئر میں کسی بھی کمی کی سخت مخالفت کی اور وفاق کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

خیبر پختونخوا نے ساتویں این ایف سی ایوارڈ میں سابق فاٹا کی شمولیت کا بھی مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صوبے کا حصہ موجودہ ایک فیصد سے بڑھا کر تین فیصد کیا جائے۔

صوبے نے اپنے مجموعی شیئر کو 14.62 فیصد سے بڑھا کر 19.62 فیصد کرنے کی خواہش ظاہر کی اور آئین کے آرٹیکل 161 سے متعلق مسائل حل کرنے پر زور دیا۔

مزید برآں، صوبے نے پیٹرولیم مصنوعات اور گیس پر ایکسائز ڈیوٹی کے فارمولے میں ترمیم کی سفارش پیش کی اور این ایف سی اجلاسوں کے لیے ماہانہ شیڈول مرتب کرنے کا مطالبہ کیا۔

اجلاس میں وفاق اور صوبوں کو مالیاتی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، ذیلی گروپس کے قیام اور مستقبل کے اجلاس کے شیڈول پر بھی بات چیت کی گئی تاکہ مشاورت جلد از جلد مکمل کی جا سکے۔

ذرائع کے مطابق صوبوں نے این ایف سی ایوارڈ کے مطابق اپنا حصہ لینے کا مطالبہ دہرایا اور کسی بھی کٹوتی پر تحفظات کا اظہار کیا۔

اجلاس میں صوبوں نے زور دیا کہ این ایف سی ایوارڈ پر مشاورت جلد مکمل کی جائے تاکہ صوبوں اور وفاق کے درمیان مالیاتی معاملات شفاف اور منصفانہ انداز میں طے پائیں۔

install suchtv android app on google app store