کراچی عمارت حادثہ: 17 لاپتا افراد کی فہرست سامنے آگئی، ریسکیو آپریشن جاری

کراچی عمارت حادثہ: 17 لاپتا افراد کی فہرست سامنے آگئی، ریسکیو آپریشن جاری فائل فوٹو کراچی عمارت حادثہ: 17 لاپتا افراد کی فہرست سامنے آگئی، ریسکیو آپریشن جاری

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب کراچی ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے بلاک 4 میں 6 منزلہ عمارت گرنے کے بعد لاپتا ہونے والے 17 افراد کی فہرست سامنے آگئی۔دوسری جانب عمارت گرنے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ 4 نامزد ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ واقعے کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے 8 افسران کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق متاثرہ خاندانوں نے ضلعی انتظامیہ کو لاپتا افراد کی فہرست فراہم کردی ہے، جن کی عمریں 13 سے 35 سال کے درمیان ہیں۔ اہل خانہ کو خدشہ ہے کہ ان کے پیارے تاحال عمارت کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

لاپتا افراد کے نام سامنے آگئے

فہرست کے مطابق لاپتا افراد میں محمد وقاص (21 سال)، محمد علی (20 سال)، علی حسن (17 سال)، محمد جبران (30 سال)، وقاص نور (25 سال)، عادل شیر (25 سال)، عباس جعفری (30 سال)، علی شیر (13 سال)، نور احمد (31 سال)، محمد حجیب (30 سال)، محمد ارسلان (17 سال)، عرفان (28 سال)، مفید (22 سال)، اللہ دتو (22 سال)، عابد علی (35 سال)، صغیر علی (18 سال) اور حسیب علی (30 سال) شامل ہیں۔

عمارت حادثے میں 3 افراد جاں بحق، 14 زخمی

واضح رہے کہ گزشتہ روز پیش آنے والے اس افسوس ناک حادثے میں اب تک 3 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ 14 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق عمارت میں تعمیراتی کام کے دوران 30 سے 40 مزدور موجود تھے۔

ریسکیو آپریشن جاری، عمارت کے اندر ٹیموں کی رسائی

ریسکیو 1122 سندھ کے مطابق بلوچ کالونی، شاہراہ فیصل کے قریب منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق ٹیمیں عمارت کے دو اطراف سے سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔ کارروائی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے عمارت کے تیسرے رخ پر واقع خالی پلاٹ کی دیوار گرا کر راستہ بنایا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق خالی پلاٹ کی جانب سے بھاری مشینری جائے وقوع پر پہنچا دی گئی ہے تاکہ ملبہ ہٹانے اور سرچ آپریشن میں معاونت حاصل کی جاسکے۔

ریسکیو 1122 کی ایک ٹیم نے منہدم عمارت کے اندر بھی رسائی حاصل کرلی ہے، جہاں اندرونی حصے میں تلاش کا عمل جاری ہے۔ اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم جدید آلات اور بھاری مشینری کی مدد سے ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کو تلاش کررہی ہے۔

عمارت حادثہ، 4 ملزمان گرفتار، 8 افسران معطل

دوسری جانب عمارت گرنے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ 4 نامزد ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ واقعے کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے 8 افسران کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق عمارت کی تعمیر کے لیے صرف گراؤنڈ پلس ایک منزل کی منظوری حاصل تھی، تاہم مبینہ طور پر منظور شدہ نقشے کے برعکس 6 منزلہ عمارت تعمیر کی گئی۔

ادھر لاپتا افراد کے اہل خانہ اپنے پیاروں کی بحفاظت بازیابی کے منتظر ہیں جبکہ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے ملبے میں تلاش کا آپریشن جاری ہے۔

install suchtv android app on google app store