پاکستانی خلا باز ذیشان علی کی تاریخی کامیابی، چینی خلا بازوں کے ہمراہ خلائی اسٹیشن پہنچ گئے

ذیشان علی کے ہمراہ دو چینی خلا باز فائل فوٹو ذیشان علی کے ہمراہ دو چینی خلا باز

پاک چین دوستی کی نئی تاریخ رقم ہوگئی، پاکستان کا خلائی سفر کا خواب حقیقت بن گیا، چین کا خلائی مشن شینژو 24 کامیابی سے تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے جا جڑا، پاکستانی خلا باز ذیشان علی چینی خلا بازوں کے ہمراہ خلائی اسٹیشن پہنچ گئے۔ چین کے سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی نے تصدیق کی کہ شینژو 24 خلائی جہاز نے تقریباً ساڑھے تین گھنٹے میں تیانگونگ خلائی اسٹیشن کے ساتھ کامیابی سے ڈاکنگ مکمل کی۔

پاکستانی خلا باز ذیشان علی خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی بن گئے، وہ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہیں۔

پاکستانی وقت کے مطابق خلائی مشن کی پرواز صبح 5 بج کر 18 منٹ پر چین کے خلائی مرکز سے روانہ ہوئی۔ ہزاروں چینی شہریوں نے اس تاریخی لمحے کو براہ راست دیکھا، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور چین میں پاکستان کے سفیر بھی مشن کی روانگی کے موقع پر موجود تھے۔

چین کے سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی نے تصدیق کی کہ شینژو 24 خلائی جہاز نے تقریباً ساڑھے تین گھنٹے میں تیانگونگ خلائی اسٹیشن کے ساتھ کامیابی سے ڈاکنگ مکمل کی۔

خلائی اسٹیشن پہنچنے پر پاکستانی خلا باز ذیشان علی کا شاندار استقبال کیا گیا، جہاں موجود دیگر خلا بازوں نے ان کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

ذیشان علی کے ہمراہ دو چینی خلا باز بھی مشن کا حصہ ہیں۔ تینوں خلا باز تقریباً ایک ہفتے تک خلائی اسٹیشن پر قیام کریں گے، اس دوران مختلف سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیاں انجام دیں گے۔

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق شینژو 24 مشن کے دوران 90 سائنسی تجربات اور ٹیکنالوجی ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

خلائی مشن پر روانگی سے قبل اپنے پیغام میں ذیشان علی کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی اب کہکشاؤں تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے اس مشن کو پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان مزید مشترکہ خلائی مشن بھی ہوں گے۔

ذیشان علی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے انہیں کہا تھا کہ اس مشن میں صرف ذیشان علی نہیں بلکہ پاکستان خلا میں جا رہا ہے۔

پاکستانی خلا باز کی اس تاریخی کامیابی کو پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کا اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

install suchtv android app on google app store