کراچی میں عمارت کی بالائی منزلیں گرگئیں، ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا، 10 افراد زخمی۔

کراچی میں عمارت کی بالائی منزلیں گرگئیں فائل فوٹو کراچی میں عمارت کی بالائی منزلیں گرگئیں

شہر کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے بلاک 4 میں زیر تعمیر چھ منزلہ عمارت کی بالائی منزلیں اچانک گرگئیں، حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں عمارت گرنے کے واقعے میں ایک شہری کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق امدادی ٹیموں نے ملبے سے ایک شخص کی لاش اور 10 زخمیوں کو نکال لیا۔ زخمیوں میں نادر حسین، شوکت علی اور احمد بھی شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق عمارت گرنے سے قبل لرزنا شروع ہوگئی تھی، واقعے کے بعد ملبہ ہٹانے اور دبے افراد کو نکالنے کے لیے ہیوی مشینری طلب کرلی گئی۔

علاقہ مکینوں کے مطابق عمارت میں فنشنگ کا کام جاری تھا اور وہاں کوئی رہائش پذیر نہیں تھا۔

دوسری جانب سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے مطابق گرنے والی عمارت 600 گز کے پلاٹ پر تعمیر کی گئی تھی، جہاں گراؤنڈ پلس فائیو عمارت موجود تھی۔ حکام کے مطابق رہائشی پلاٹ پر مبینہ طور پر کمرشل تعمیرات بھی کی گئی تھیں۔

ایس بی سی اے کا کہنا ہے کہ عمارت میں مبینہ طور پر غیر قانونی فلیٹ نما رہائشی پورشنز تعمیر کیے جا رہے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اتھارٹی کی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔

وزیراعظم کا قیمتی انسانی جان کے ضیاع پر اظہار افسوس

وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں عمارت گرنے کے واقعے میں ایک شہری کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

install suchtv android app on google app store