پاکستان کے خلا باز محمد ذیشان علی نے کہا ہے کہ وہ اپنے ساتھ صرف اپنا نام نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں لے کر خلا میں جا رہے ہیں۔ چین کے خلائی مشن شین ژو 24 میں ان کی شرکت پاکستان کے لیے ایک تاریخی سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چین کے خلائی مشن شین ژو 24 میں شامل خلابازوں نے لانچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کی، جس میں پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی نے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
محمد ذیشان علی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے لیے خلا میں نہیں جا رہے بلکہ ان کے کندھوں پر پاکستان کا نام اور پوری قوم کی امیدیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مشن کے ذریعے پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
پاکستانی خلاباز نے بتایا کہ انہوں نے چینی زبان سیکھ لی ہے اور چینی خلابازوں کے ساتھ ان کے برادرانہ تعلقات قائم ہو چکے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا مشہور شعر بھی پڑھا:
تو شاہیں ہے پرواز ہے کام تیرا
ترے سامنے آسماں اور بھی ہیں
ذیشان علی نے پاک چین دوستی کو سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے بلند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے اور پورے پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خلائی مشن کے دوران پاکستان اور چین کے مشترکہ سائنسی تجربات پر کام کریں گے۔ بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ ان کی ذمہ داریوں میں تجرباتی آلات کی تنصیب اور سائنسی تحقیق میں حصہ لینا شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مشن سے پاکستان کے سائنسی اور تحقیقی شعبوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور دونوں ممالک کے خلائی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
دوسری جانب محمد ذیشان علی نے پاکستانی بچوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جب وہ خلا میں ہوں تو آسمان کی طرف دیکھیں اور یاد رکھیں کہ ان کے خواب بھی وہاں تک پہنچ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ محمد ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ جانے والے پہلے پاکستانی اور چینی انسانی خلائی مشن میں شرکت کرنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بننے جا رہے ہیں۔