ٹریفک پولیس پنجاب نے سال 2025 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں ریکارڈ ایک کروڑ 25 لاکھ سے زائد ٹریفک چالان کیے گئے ان میں سے تقریباً نصف چالان موٹر سائیکل سواروں کو جاری کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 کے دوران موٹر سائیکل سواروں کو 60 لاکھ 55 ہزار سے زائد چالان ٹکٹ جاری کیے گئے۔
صرف ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر ہی 5 لاکھ 28 ہزار سے زائد چالان کیے گئے جس میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں 51 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق 21 لاکھ 45 ہزار سے زائد افراد کو بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر جرمانے کیے گئے جبکہ اس مد میں کارروائیوں میں 187 فیصد اضافہ ہوا۔
ٹریفک پولیس کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں اس وقت 2 کروڑ 57 لاکھ سے زائد گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں جبکہ ٹریفک پولیس کی نفری 12 ہزار 800 سے زائد اہلکاروں پر مشتمل ہے، قانون نافذ کرنے کی مجموعی کارروائیوں میں 53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دیگر کارروائیوں میں بسوں کی چھتوں پر سواریاں بٹھانے والوں کے خلاف کارروائیوں میں 536 فیصد جبکہ کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کارروائیوں میں 733 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔