وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ کام محنت سے ہوتا ہے جادو ٹونے سے نہیں
راولپنڈی میں تقریب سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ راولپنڈی میں صفائی ستھرائی کا نظام دیکھ کر خوشی ہوئی، راولپنڈی میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولت فراہم کی جارہی ہے، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جارہی ہے، میٹرو ہویا الیکٹرک بسیں، مسلم لیگ ن کا عوام کےلیے تحفہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ دیتی ہے، ن لیگ نے پورے ملک میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھائے، راولپنڈی میں دن رات ترقیاتی کام جاری ہیں، الیکٹرک بسوں کو چھوٹے شہروں سے لانچ کیا ہے، میرے ذہن میں کوئی تفریق نہیں، پنجاب میں بسنے والا ہر شہری میرے لیے برابر ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ کی حکومت جب بھی آتی ہے ملک ترقی کرتا ہے، مسلم لیگ ن نے ملک کو میگا منصوبے دیے ہیں، مسلم لیگ ن کا خیال آتے ہی ذہن میں موٹر ویز اور ترقیاتی منصوبے آتے ہیں ، مخالفین بھی ن لیگ کے کاموں کا اعتراف کرتے ہیں، آپ کے پاس سڑکوں کا جال ہے تو یہ بسیں چل رہی ہیں جہاں آپ کو جانا ہے بسوں کا کرایہ 20 روپے سے زیادہ نہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد اور خواتین کےلیے فری سروس ہے، الیکٹرک بسیں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں معاون ثابت ہوں گی، 1100 الیکٹرک بسیں پنجاب کی سڑکوں پر چلیں گئی، پنجاب میں ڈیڑھ سال میں جو ترقی ہوئی اس کی مثال نہیں ملتی۔
ان کا کہنا تھاکہ نئے گھروں کی تعمیر کا ہدف جلد پورا کریں گے، پنجاب کی حکومت صحت کے شعبے کی بہتری کےلیے اقدامات کر رہی ہے، پنجاب کے ہر شہر میں جدید اسپتال بنائیں گے، عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، پنجاب کے اسپتالوں میں مفت دوائیاں فراہم کی جارہی ہیں، پنجاب حکومت راشن کارڈ کے ذریعے مستحقین کی خدمت کر رہی ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ الیکٹرک بس میں طلبہ کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، پنجاب حکومت نے طلبہ کےلیے اسکالر شپ پروگرام شروع کیا، پنجاب حکومت تعلیم کے شعبے کی بہتری کےلیے اقدامات کر رہی ہے، اسکولوں میں نئے کمرے بنانے کےساتھ فرنیچر بھی فراہم کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ حکومت اسموگ کے خاتمے کےلیے کوشاں ہے، حکومتی اقدامات سے اسموگ پر قابو پایا، اسموگ کے خاتمے کےلیے جدید طریقہ کار اپنایا گیا، پنجاب میں سیوریج کے نظام کی بہتری کےلیے اقدامات کیے جارہے ہیں، عوام کو صاف پانی کی فراہمی ترجیح ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھاکہ پنجاب حکومت گرین ٹریکٹر کسانوں میں تقسیم کر رہی ہے، کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کی فلاح و بہبود کی جارہی ہے، شہریوں کی زمین پر غیر قانونی قبضے کے خاتمے کےلیے اقدامات کیے جارہے ہیں، پنجاب میں نئے کاروبار کےلیے عوام کو آسان قرضے فراہم کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین بھی جانتے ہیں مسلم لیگ ن کو عوام کی خدمت کرنا آتی ہے، پاکستان میں پہلا سرکاری کینسر اسپتال تکمیل کے مراحل میں ہے، دیہات میں شہر جیسی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، کام محنت سے ہوتا ہے جادو ٹونے سے نہیں، کچھ لوگوں نے سیاست میں کئی سال ضائع کیے، کام نہیں کیا، ان کا نام لو تو بدتمیزی کا خیال آتا ہے۔