دھند کے باعث حادثات، 15 افراد جاں بحق

ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات اور آمدورفت میں شدید مشکلات کا سلسلہ جاری ہے فائل فوٹو ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات اور آمدورفت میں شدید مشکلات کا سلسلہ جاری ہے

ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات اور آمدورفت میں شدید مشکلات کا سلسلہ جاری ہے۔ دھند کی وجہ سے پیش آنے والے مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 15 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ کئی مقامات پر موٹرویز کو حفاظتی اقدامات کے تحت بند کر دیا گیا ہے۔

سرگودھا میں ایک افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب مسافروں سے بھرا ایک ٹرک دھند کے باعث بے قابو ہو کر نہر میں جا گرا۔

اس حادثے میں 14 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ نو افراد زخمی ہو گئے۔

جاں بحق ہونے والوں میں چار مرد، چھ خواتین اور چار بچے شامل ہیں۔ تمام متاثرہ افراد کی شناخت کر لی گئی ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ افراد اسلام آباد سے فیصل آباد جا رہے تھے۔

حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے نہر سے لاشیں اور زخمیوں کو نکال کر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔

پنجاب کے شہر وزیرآباد کے علاقے ہیڈ خانکی میں بھی دھند کے باعث ریت سے بھرا ایک ڈمپر الٹ گیا۔ اس حادثے میں ڈرائیور اور ہیلپر زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق حادثہ کم حدِ نگاہ کے باعث پیش آیا۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے علاقے دیربالا میں بھی دھند اور سرد موسم کے دوران ایک مسافر بس ٹائر پھٹنے کے باعث الٹ گئی۔ اس حادثے میں ایک بچہ جاں بحق ہو گیا جبکہ بارہ افراد زخمی ہو گئے۔

زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

دوسری جانب سرگودھا اور گردونواح میں دھند اور سردی کی شدت بدستور برقرار ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو روزمرہ آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث سڑکوں پر حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث پنجاب میں موٹروے کے مختلف حصوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک، لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم الیون، موٹروے ایم تھری فیض پور سے جڑانوالہ تک اور موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے گوجرہ تک بند کر دی گئی ہے۔

ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ دھند شہریوں کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے، اس لیے غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔

موٹروے پولیس کے مطابق محفوظ سفری اوقات صبح دس بجے سے شام چھ بجے تک ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ دھند چھٹنے تک احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔

install suchtv android app on google app store