سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے جڑانوالہ پہنچ گئے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کرسچن کالونی کا دورہ کیا اور متاثرین سےملاقات کی۔
انہوں نے قرآن پاک کی مبینہ بے حرمتی کے بعد شہرمیں گرجا گھر اور گھرجلائے جانے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ مکانات اورگرجا گھروں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے جسٹس قاضی فائز عیسٰی کو واقعہ اور متاثرین کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔
جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے متاثرین سے گفتگو کی اور ان کو ہر قسم کے انصاف کی فراہمی اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ جڑانوالہ سانحہ میں 19 گرجا گھروں اور 86 مکانات کو توڑ پھوڑ کے بعد جلایا گیا ہے۔
اس دورے کے دوران قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ واضح رہے کہ قاضی فائز عیسیٰ 17 ستمبر کو چیف جسٹس عمر عطا بندیا کی ریٹائرمنٹ کے بعد اگلے چیف جسٹس آف پاکستان ہوں گے۔