جڑانوالہ واقعہ قابل مذمت ہے، ایسے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں: انیق احمد

نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد فائل فوٹو نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد

نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ دین اسلام میں سانحہ جڑانوالہ جیسے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں ہے، تمام مذاہب کے ماننے والوں کے لئے وزارت کے دروازے کھلے ہیں ، اسلام امن کا مذہب ہے، دینی تعلیمات سے دوری اور کم علمی ایسے واقعات کا بنیادی سبب ہے۔

ہفتہ کو ایک ٹوئٹ میں نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے اسلام کو امن کا مذہب قرار دیتے ہوئے کہا کہ سانحہ جڑانوالہ جیسے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

نگران وفاقی وزیر مذہبی امور نے معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور معاشرے میں جہالت، مذہبی منافرت اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹس قاضی فائزعیسیٰ مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے جڑانوالہ پہنچ گئے

دوسری جانب وزارت مذہبی امور کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ گزشتہ حج انتظامات کا بغور جائزہ لے کر مزید بہتری لائی جائے گی ، حج پالیسی کی جلد منظوری سے انتظامات میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے وزارت مذہبی امور میں حج انتظامات پر ڈی بریفنگ سیشن کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزارت مذہبی امور کے سینئر حکام نے شرکت کی اور وفاقی وزیر کو حج 2023 کے انتظامات کے حوالے سے بریفننگ دی۔

وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ حج 2023 کے انتظامات ہر لحاظ سے مثالی رہے، سخت موسم اور رش کے باوجود تمام فریقین کی طرف سے حج انتظامات کی تعریف کی گئی ہے۔ بریفنگ کے دوران یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ حج اخراجات میں بچت کی رقوم حجاج کرام کو واپس کی گئی ہیں، تاریخ میں پہلی بار 12 ارب روپے حجاج کو واپس کئے گئے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ لانگ ٹرم حج پالیسی لانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اجلاس میں حج 2024 کیلئے درخواستیں جلد طلب کرنے پر بھی غور کیا گیا اور آئندہ سالوں کیلئے عازمین حج کو اقساط میں رقم جمع کرانے کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

install suchtv android app on google app store