مسلم لیگ (ق) کے ساتھ مل کر عدم اعتماد کا مقابلہ کریں گے: فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری فائل فوٹو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) سے اتحاد تھا اور رہے گا، لہٰذا عدم اعتماد کی تحریک کا مقابلہ بھی مل کر کیا جائے گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) ہماری اتحادی تھی اور اتحادی رہے گی اور عدم اعتماد کی تحریک کا مقابلہ بھی مل کر کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں دونوں پارلیمانی پارٹیوں کی میٹنگ کل ہوگی جہاں وہ چوہدری پرویز الہٰی پر اعتماد کا اظہار کریں گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ یہ اسپیکر کی مرضی ہے کہ وہ اعتماد کا ووٹ پہلے لیتے ہیں یا عدم اعتماد کی تحریک، تاہم عدم اعمتاد کی تحریک کی ناکامی کے فوری بعد پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے کی تجویز بھیجی جائے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ رانا ثنااللہ اور خواجہ آصف بڑی بڑی بھڑکیں مار رہے تھے کہ اسمبلیاں تحلیل کریں ہم عوام میں جائیں گے ، تو اب آپ لوگوں کی یہ حالت کیوں ہوگئی ہے۔

مسلم لیگ(ق) کے رہنما مونس الہٰی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد کہا کہ ’آج عمران خان سے ملاقات میں پنجاب اسمبلی توڑنے کی حکمت عملی مکمل کرلی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ پی ڈی ایم جتنی مرضی کوشش کر لے جلدی الیکشن نہیں روک سکتی، اگلے الیکشن میں جیت عمران خان کی ہے’۔

فواد چوہدری نے مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عجیب جماعت ہے جس کی پلیٹیں لندن میں اور چمچے یہاں بیٹھے ہوئے ہیں جن کو فکر ہوگئی ہے کہ ان کا کیا بنے گا، اگر آپ الیکشن نہیں جیت سکتے اور عوام آپ کے ساتھ نہیں ہیں تو حکومت نہیں کر سکتے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کراچی میں اسٹاک مارکیٹ دو دنوں میں 1500 پوائنٹس گر گئی ہے اسی طرح بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے بعد بجلی کے بلوں میں 40 فیصد اضافہ کرنے کا کہا جا رہا ہے اس کے باوجود بھی بجلی کی کمی نہیں ہے مگر حکومت کے پاس تیل خریدنے کے پیسے نہیں ہیں کہ وہ بجلی بنا سکے۔

حکومت کی طرف سے ریسٹورنٹس 8 بجے بند کرنے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اگر ریسٹورنٹس 8 بجے بند ہوں گے توہ وہ کیا کریں گے کیونکہ ان کا تمام کاروبار دہاڑی کا ہوتا ہے، لہٰذا اگر ملک چلانے کی صلاحیت نہیں ہے تو ملک کی جان چھوڑ دیں۔

 

install suchtv android app on google app store