مردان میں 4 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل

آئی جی خیبرپختونخواہ صلاح الدین محسود فائل فوٹو آئی جی خیبرپختونخواہ صلاح الدین محسود

خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں بھی 4 سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بیدردی سے قتل کردیا گیا۔

ضلع مردان میں متعلقہ حکام نے تصدیق کی ہے کہ چند روز قبل بیدردی سے قتل کی جانے والی 4 سالہ ننھی اسما کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

آئی جی خیبرپختونخواہ صلاح الدین محسود نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق بچی کی موت گلا دبانے سے واقع ہوئی، رپورٹ جنسی تشدد کی طرف لے جاتی ہے۔ آئی جی کے پی کے کا کہنا ہے کہ واقعے کے خلاف تحقیقات کے لیے ڈی پی او اور آر پی او پر مشتمل ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جب کہ علاقہ عمائدین کی بھی 13 رکنی ٹیم پولیس کے ساتھ تعاون کرے گی۔

ضلعی ناظم حمایت اللہ مایار نے میڈیا کو بتایا کہ مقتولہ اسما کی میڈیکل رپورٹ سے اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ اسے قتل کرنے سے قبل زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

مردان کے ضلعی پولیس سربراہ میاں سعید نے کہا کہ ابتدائی رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ بچی کے جسم کے حساس اعضا پر تشدد کیا گیا ہے۔ بچی کے جسم سے حاصل کیے گئے دو نمونے پنجاب کی فرانزک لیبارٹری بھجوادئیے گئے ہیں جس سے حتمی تحقیقات میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل مردان کے نواحی علاقے گوجر گڑھی سے چار سالہ بچی اسما گھر سے باہر کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوگئی تھی بعد میں اس کی لاش گھر کے قریب واقع گنے کے کھیتوں سے ملی تھی۔

وزیراعظم کے مشیر امیر مقام نے اپنے ایک بیان میں مردان کے علاقے گوجرگڑھی میں معصوم بچی کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

install suchtv android app on google app store