تحریک انصاف کا جلسہ، بشریٰ بی بی کی شرکت کا امکان

پاکستان تحریک انصاف  نے یکم نومبر کو پشاور میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کرلیا فائل فوٹو پاکستان تحریک انصاف نے یکم نومبر کو پشاور میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کرلیا

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے یکم نومبر کو پشاور میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ جلسے میں بشریٰ بی بی کی شرکت متوقع ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے یکم نومبر کو پشاور میں جلسہ عام کا فیصلہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ہونے والے سیاسی پارٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس کی صدارت جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی سلمان اکرم نے کی۔ جلسے میں بشریٰ بی بی کی شرکت متوقع ہے، جلسے میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بانی تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی 9 ماہ جیل میں رہنے کے بعد توشہ خانہ ریفرنس ٹو میں ضمانت منظور ہونے پر گزشتہ ہفتے ہی اڈیالہ جیل سے رہا ہوئی ہیں، جیل سے رہائی کے بعد وہ پہلے بنی گالہ اور پھر پشاور منتقل ہوگئی تھیں جہاں وہ وزیراعلیٰ ہاؤس کی انیکسی میں قیام پذیر ہیں۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف نے طویل عرصے سے پشاور میں کوئی جلسہ نہیں کیا ہے، اس سے قبل تحریک انصاف نے 22 اگست کو پانچویں مرتبہ اسلام آباد میں جلسہ ملتوی کیا تھا۔

اس موقع پر بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر 22 اگست کا جلسہ ملتوی کیا۔

بعدازاں 27 اگست کو لاہور جلسہ بھی ملتوی کردیا گیا تھا تاہم 8 ستمبر کو پی ٹی آئی اسلام آباد میں سنگجانی کے مقام پر جلسہ کرنے میں کامیاب ہوگئی تھی جس کے بعد 21 ستمبر کو لاہور میں بھی جلسہ کیا گیا تھا تاہم حکومت نے وقت ختم ہوتے ہی جلسہ ختم کرادیا تھا۔

install suchtv android app on google app store