خیبرپختونخوا اسمبلی: اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے حلف اٹھا لیا

خیبرپختونخوا اسمبلی: اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے حلف اٹھا لیا اسکرین گریب خیبرپختونخوا اسمبلی: اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے حلف اٹھا لیا

خیبرپختونخوا اسمبلی میں اسپیکر بابر سلیم سواتی اور ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی 89 ووٹ حاصل کرکے اسپیکر جبکہ ثریا بی بی 87 ووٹ حاصل کرکے ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں آج اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوا، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے ووٹنگ کے بعد گنتی مکمل ہو گئی ہے اور نتائج کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی 89 ووٹ لے کر نئے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہو گئے ہیں۔ ان کے مدمقابل اپوزیشن کے احسان اللہ میاں خیل نے 17 ووٹ حاصل کیے۔

بابر سلیم خیبرپختونخوا اسمبلی کے 16 ویں اسپیکر منتخب ہوئے ہیں۔ بابر سلیم سواتی ایبٹ آباد پی کے 53 سے 35 ہزار 213 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے، وہ پاکستان تحریک انصاف کے آزاد امیدوار تھے اور بعدازاں سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے۔

اسپیکر خیبرپختونخوا منتخب ہونے کے بعد مشتاق غنی نے بابر سلیم سواتی سے عہدے کا حلف لیا۔

سنی اتحاد کونسل کےثریا بی بی 87 ووٹ حاصل کرکے ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہوگئی ہیں ان کے مدمقابل پی ٹی آئی امیدوار ارباب وسیم نے19 ووٹ حاصل کیے، بعد ازاں چریا بی بی نے اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا۔

ثریا بی بی چترال کے حلقہ پی کے 1 سے 18 ہزار 914 ووٹ لے کر کامیاب ہوئی تھیں، وہ تحریک انصاف کی آزاد امیدوار تھیں اور بعدازاں سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوگئی تھیں، وہ چترال سے پہلی بار جنرل نشست پر منتخب ہونے والی خاتون ایم پی اے ہیں۔

ثریا بی بی خیبرپختونخوا اسمبلی کی دوسری خاتون اسپیکر ہیں، اس سے پہلے ڈاکٹر مہر تاج روغانی اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر رہ چکی ہے، جس کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے۔

یہ اجلاس اسپیکر مشتاق غنی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں آغاز 2 نو منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھایا، اسپیکر مشتاق غنی نے نو منتخب ارکان سے اسمبلی رکنیت کا حلف لیا۔

نو منتخب حلف لینے والے ارکان میں شانگلہ کے عبدالمنعم اور تورغر کے لائق احمد خان شامل ہے ۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں حلف اٹھانے والے ارکان کی تعداد 118 ہو گئی ہے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے ممبران کی تعداد 87 ہیں، 6 ممبران آزاد حیثیت سے اسمبلی میں موجود ہیں، خیبر پختونخوا میں اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کی تعداد 25 ہے۔

 

install suchtv android app on google app store